اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع

این اے 52سے 14،این اے 53سے 18اور این اے 54سے 20امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کر لئے تحریک انصاف کی جانب سے اسد عمر ، الیاس مہربان ،پیپلز پارٹی کی جانب سے افضل کھوکر،جماعت اسلامی کی جانب سے میاں اسلم اور عائشہ گلالئی نے ریٹرننگ افسران سے کاغذات نامزدگی وصول کئے

پیر 4 جون 2018 23:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ، این اے 52سے 14،این اے 53سے 18اور این اے 54سے 20امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کر لئے ہیں تحریک انصاف کی جانب سے اسد عمر ، الیاس مہربان ،پیپلز پارٹی کی جانب سے افضل کھوکر،جماعت اسلامی کی جانب سے میاں اسلم اور عائشہ گلالئی نے ریٹرننگ افسران سے کاغذات نامزدگی وصول کئے ۔

(جاری ہے)

سوموار کے روز اسلام آباد کے حلقہ این 54 سے پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزد امیدوار نوشین گل کھرل ایڈوکیٹ نے کاغذات نامزدگی وصول کئے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میری پارٹی نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے ٹکٹ دیا ہے انہوںنے کہاکہ ہماری پارٹی آئین اور قانون کی حکمرانی ،صحت ،تعلیم اور خواتین کے بنیادی حقوق کی بات کرتی ہے پاکستان پیلز پارٹی کی جانب سے حاجی محمد افضل کھوکھر نے حلقہ این اے 52 سے انتخاب لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کئے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے وہ حالات جو 2013 کے انتخابات میں تھے اب نہیں ہیں اور اس وقت پیپلز پارٹ مضبوط پوزیشن میں ہے انہوں نے کہاکہ میرا مقابلہ مسلم نون سے نہیں پاکستان تحریک انصاف سے ہے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نون کا کوئی اخلاقی معیار باقی نہیں رہا ہے این اے 54 سے انتخاب لڑنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر کے لئے ان کے سٹاف نے ریٹرننگ افیسر سے کاغذات نامزدگی کے فارم وصول کئے پی ٹی آئی گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی کیلئے ان کی پرسنل سیکرٹری میمونہ خان نے حلقہ این اے 54 کیلئے کا غذات نامزدگی وصول کئے آزاد امیدوار اجمل بلوچ نے حلقہ این اے 54 کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کیئے جماعت اسلامی کی جانب سے حلقہ این اے 54کیلئے امیدوار میاں اسلم کی طرف سے کاغذات نامزدگی ان کے سٹاف نے وصول کئے جبکہ حلقہ این اے 54 سے عوامی ورکرز پارٹی کے امیدوار عمار رشید نے بھی انتخاب لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کئے ہیں این 53سے عوامی ورکرز پارٹی کے عصمت رضا نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے پیپلز پارٹی کے راجہ عمران اشرف نے این اے 54 سے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے ہیں۔

۔۔۔اعجاز خان