یو بی جی کے مخالفین ماہ رمضان المبارک میں شیطانی حربوں سے باز رہیں،سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر

منگل 5 جون 2018 16:29

یو بی جی کے مخالفین ماہ رمضان المبارک میں شیطانی حربوں سے باز رہیں،سرپرست ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یوبی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ یو بی جی کے مخالفین ماہ رمضان المبارک میں شیطانی حربوں سے باز رہیں اورسازشوں والزام تراشیوں کے بجائے فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے آئندہ الیکشن میں ایک اور شکست کا مزہ چکھنے کی تیاریاں کرلیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز کراچی جیمخانہ میں کاٹی کے سابق چیئرمین فرحان الرحمان اورشوزاورسینڈلزبنانے والی کمپنی ہیلزکے ڈائریکٹر اشرف میاکی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر میں تاجربرادری سے گفتگو کے دوران کیا۔

افطار ڈنر میںایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدر خالدتواب،مرزااختیار بیگ،سمیع خان، گلزار فیروز، منیرسلطان،مسعوداحمد(زینت کارپٹ)،مسعودنقی،فرازالرحمان،سعادت جعفری،جاوید،جام فاروق علی،احمدچنائے،شوکت سلیمان،الطاف ایس ٹی، نوراحمد خان،عمرریحان،احتشام الدین،سلمان اسلم،راشدہاشمی بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ جولوگ ایف پی سی سی آئی کے ووٹرز نہیں ہیں وہ ایف پی سی سی آئی میں مداخلت کررہے ہیں،مخالف گروپ ایسے ہی لوگوں کو اپنا لیڈر بنا کر بزنس کمیونٹی کو بے وقوف بنا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بی ایم پی گروپ کے رہنما انجم نثار جو ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں دومرتبہ بھاری اکثریت سے شکست سے دوچار ہوچکے ہیں اور انہیں بزنس کمیونٹی مسترد کرچکی ہے لیکن انکی ہٹ دھرمی ہے کہ وہ بزنس کمیونٹی کے ہی منتخب نمائندوں پر الزامات عائد کرکے اپنی سیاست کو چمکارہے ہیں ۔ایس ایم منیر نے کہا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کا پیاراور اعتماد ہی میرا سرمایہ ہے،ہم نے چار سال پہلے لوٹ مار مافیا کا صفایا کیا تھا اب ایک بار پھر وہی مافیا فیڈریشن میں جمع ہونے والے فنڈزاور دیگر وسائل کو لوٹنے کی فکر میں مبتلا ہے مگر اب ہم انہیں فیڈریشن کو مزید نقصان پہنچانے نہیں دیں گے اور انہیں مسلسل پانچویں سال بھی بدترین شکست سے دوچار کریں گے۔

انکا کہنا تھا کہ جو لوگ مجھے کمزور سمجھ کر اندھرے میںایف پی سی سی آئی کو فتح کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ ناسمجھ اوراحمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،افتخار علی ملک کی سربراہی میں یو بی جی نے ایف پی سی سی آئی کو ایک مضبوط ادارہ بنا دیا ہے اور فیڈریشن اب کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ بزنس کمیونٹی کا سرمایہ ہے جس کی ہم مل کر حفاظت کررہی ہیں۔ ۔