انتخابات کے حوالے سے شکایات اندراج کیلئے سیل قائم کیا جائے گا ،نگران وزیراعلیٰ سندھ

ہمارا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے کہ آزاد اور صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن ہو ،فضل الرحمن کی جی ڈی اے کے وفد سے گفتگو

منگل 5 جون 2018 17:50

انتخابات کے حوالے سے شکایات اندراج کیلئے سیل قائم کیا جائے گا ،نگران ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وہ وزیراعلی ہائوس میں ایک شکایتی سیل قائم کرنے جارہے ہیں جہاں پر ہر قسم کی شکایات باالخصوص انتخابات کے حوالے سے وصول کی جائیں گی اور ان کا تدارک بھی کیاجائیگا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو گرانڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای)کے ایک وفد جس کی قیادت سنیٹرمظفر حسین شاہ کررہے تھے سے وزیراعلی ہائوس میں ملاقات کے دوران کہی۔

وفد میں سابق وزیراعلی سندھ ارباب غلام رحیم، عرفان اللہ مروت، سردار رحیم اور نعیم الرحمان شامل تھے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ بطور نگراں وزیراعلی کے غیر جانبدار ہیں اور ان کی ٹیم ، حکومتی مشینری اور کابینہ بھی غیر جانبدار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں ہیں اور ہمارا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے کہ آزاد اور صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد۔

(جاری ہے)

جی ڈی اے کے وفد نے مختلف معاملات پر اپنے چند تحفظات کا اظہار کیا۔

نگراں وزیراعلی سندھ نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام تحفظات کو دور کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں پر آپ سب کی سہولت کے لئے ہیں تاکہ آپ ایک اچھے اور آزاد ماحول جس میں کسی قسم کی مداخلت یا رکاوٹ نہ ہو الیکشن میں حصہ لے سکیں اور انشا اللہ الیکشن کے بعد ہمارے کردار کو سراہا جائیگا۔ وزیراعلی سندھ نے جی ڈی اے کے وفد کو بتایا کہ وہ ایک شکایتی سیل قائم کرنے جارہے جہاں پر انتخابات یا کسی بھی دیگر معاملے سے متعلق شکایات وصول کی جائیں گی اور ان کا تدارک بھی کیا جائے گا۔ وفد نے نگراں وزیراعلی سندھ کی جانب سے تعاون اور سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔