سائنسی لحاظ سے 29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں ،ْمحکمہ موسمیات

منگل 5 جون 2018 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سائنسی لحاظ سے 29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔رمضان المبارک کے گزرتے ایام کے ساتھ ساتھ اب ملک بھر میں شوال کے چاند سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوچکی ہیں اور اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے بھی پیشگوئی کردی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے وزارت مذہبی امور کو شوال کے چاند کی عمر پر تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سائنسی لحاظ سے 29 رمضان کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، شوال کے چاند کی پیدائش 14 جون کوشب 12:45 پر ہوگی اور سورج غروب ہونے کے وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے 3 منٹ ہوگی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ غروب آفتاب کے وقت سے چاند 39 منٹ تک آسمان پر دکھائی دے گا اور سائنسی طور پر چاند کی عمر 26 گھنٹے 42 منٹ ہو تو وہ دکھائی دے سکتا ہے۔