گورنمنٹ شہبازشریف ہسپتال میں5ہزارسے زائدمریضوں کوطبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،زاہدسہیل

منگل 5 جون 2018 21:10

ملتان۔5 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے گزشتہ روز گورنمنٹ شہبازشریف ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا کہ گورنمنٹ شہبازشریف ہسپتال صوبے کے بہترین ہسپتالوں میں شامل ہے۔ جہاں روزانہ 5ہزار سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

ہسپتال کے تینوں یونٹس میں بائیو میٹرک سسٹم نصب کیا جاچکا ہے۔فاطمہ جناح یونٹ میں گائنی کی بہترین ڈاکٹرز موجود ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال پر لوڈ کم کرنے کے لئے سول ہسپتال میں ڈائیلاسز اور ایکسرے مشین مکمل فعال ہیں۔ حکومت طبی سہولیات کی ہر شہری تک باآسانی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات مکمل طور پر فری ہیں جبکہ ہر قسم کے طبی ٹیسٹوں کی سہولت بھی بلامعاوضہ فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ شہریوں کا علاج و معالجہ کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں آنا خوش آئند ہے ۔ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے اصولوں پر قائم ہے۔ اس موقع پر ایم ایس کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ملتان ڈاکٹر زاہد اختر نے کہا کہ شہری اپنے علاج معالجے کے لئے سرکاری ہسپتالوں پر اعتماد کرتے ہیں کیونکہ انہیں وہاں تمام سہولیات میسر ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کی رپورٹس بھی قابل اعتماد ہیں، انہیں ریلیف فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔