سپریم کورٹ نے این آر او کے باعث قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق کیس میں عدم پیشی پر پرویز مشرف کو نوٹس جاری کر دیا

منگل 5 جون 2018 21:31

سپریم کورٹ نے این آر او کے باعث قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان سے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) سپریم کورٹ نے کئی سال قبل قومی سطح پر وجود میں آنے والے این آر او نامی مصالحتی معاہدے کے باعث قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق کیس میں عدم پیشی پر سابق صدر پرویز مشرف کو نوٹس جاری کر دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ پرویز مشرف جس ملک میں ہیں اٹارنی جنرل وہاں کے دو اخبارات میں اشتہار شائع کرائیں۔

(جاری ہے)

منگل کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے پیش ہوکر جواب جمع کرانے کیلئے مزید وقت مانگا اور موقف اپنایا کہ مجھے کل ہی نوٹس ملا ہے، اس لئے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے جبکہ سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم نے عدالت میں اپنا جواب جمع کروا دیا۔ عدالت نے سابق صدرپرویز مشرف کی جانب سے کسی کے پیش نہ ہونے پرسابق صدر کونوٹس جاری کردیا اور مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی۔