راولپنڈی،محکمہ لائیوسٹاک کے زیر اہتمام راولپنڈی ڈویثرن کے چاروں اضلاع میں مویشی پال حضرات کو تربیتی لیکچرز اور ٹریننگ کی فراہمی

منگل 5 جون 2018 22:35

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) محکمہ لائیوسٹاک حکومت پنجاب کے زیر اہتمام راولپنڈی ڈویثرن کے چاروں اضلاع کے دیہات میں مویشی پال حضرات کو تربیتی لیکچرز اور ٹریننگ فراہم کی گئی ۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر سجاد اصغرنے کہا کہ چاروں اضلا ع کے سکولوں میں 284لیکچرز اور گائوں میں مویشی پال حضرات کو 336لیکچرز دیئے گئے۔

جس میں 7098مویشی پال حضرات اور 7100بچوں کو لائیو سٹاک سے متعلق ٹریننگ دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے محکمہ لائیوسٹاک کی موبائل ٹریننگ سکو ل کی ٹیموں نے گائو ں گائوں جا کرفارمرز کو ڈاکیومنٹری دکھائی اور لیکچرز بھی دیئے ۔جس میں جانوروں کی دیکھ بھال، ان کی افزائش نسل میں اضافہ اور جانوروں میں پائی جانے والی بیماریوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں جانوروں کو روزانہ کی بنیاد پر دی جانے والی خوراک ، منرل ،مکسچر ،نمک اور ونڈے کی اہمیت کے ساتھ ساتھ جانوروں میں پائی جانے والی بیماریوں سے بچائو اور تشخیص کے بعد ان بیماریوں کے علاج سے متعلق بھی بتایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹریننگ پروگرام کے تحت محکمانہ سرگرمیوں کے بارے میں عوام کو شعور و آگاہی فراہم کرنے کے علاوہ خالص دودھ، اونٹنی کے دودھ کے فوائد ، گوشت کی پہچان اور استعمال میں بھی نمایاں تبدیلی دکھائی گئی۔