راولپنڈی ، ڈھوک حسو میں چوکر سے مصالحے تیار کرنے والا کارخانہ سر بمہر

کارخانہ مالک کے خلاف مقدمہ درج ،موقع پر موجود سامان قبضے میں لے لیا گیا

بدھ 6 جون 2018 16:47

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے ناقص اور غیر معیاری مصالحے بنانے والے کارخانے کو سر بمہر کر دیا ۔ترجمان راولپنڈی کینٹ قیصر محمود نے اے پی پی کو بتایاکہ کینٹ بور ڈ فوڈ برانچ کے عملے نے ایڈیشنل ایگزیکٹیو آفیسر ارسلان حیدر کی سربراہی میں بدھ کو چیف فوڈ انسپکٹر وارث بھٹی کے ہمراہ کینٹ کے علاقے ڈھوک حسو میں غیر معیاری اور ناقص مصالحہ جات بنانے والے خورشید اینڈسنز کے کارخانے کو سر بمہر سیل کردیااور کارخانے کے مالک کے خلاف متعلقہ تھانے میں رپورٹ درج کروا دی۔

ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ایڈیشنل ایگزیکٹیو آفیسرکینٹ بور ڈ ارسلان حید رکی سربراہی میں چیف فوڈ انسپکٹر وارث بھٹی ، فوڈ انسپکٹر عابد جاوید کے ہمراہ ڈھوک حسو میں کاروائی کے دوران خورشید سنز پر چھاپہ مارا ، جہاں پر چوکر اور رنگ ملا کر مصالحہ جات تیار کیے جارہے تھے جس میں پسی ہوئی مرچ ، پسی ہوئی ہلدی ، ثابت مرچ، ثابت ہلدی اور پسا ہوا دھنیا وغیرہ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس صورتحال پر ایڈیشنل ایگزیکٹیو آفیسرکی ہدایت پر کارخانے کو موقع پر سربمہر کردیا گیا اورمتعلقہ پولیس اسٹیشن میں کارخانے کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے رپورٹ درج کرواتے ہوئے موقع پر موجود سامان قبضے میں لے لیا گیا۔کارروائی کے حوالے سے ایڈیشنل ایگزیکٹیو آفیسر ارسلان حیدر نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ کینٹ کے شہریوں کو صحت مند اور معیاری غذا کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے ناقص اور جعلی غذائی اجزاء کی تیاری میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی ۔

چیف فوڈ انسپکٹر وارث بھٹی نے اے پی پی کو بتایاکہ فوڈ برانچ کا عملہ کینٹ بھر میں اشیائے خور ونوش کی تیاری کے معیار کے جائزہ کے لیے روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مار رہاہے اور ناقص صفائی اورحفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے کیے جارہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :