پرامن انتخابات کا انعقاد ان کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے،آراوڈی آئی خان

بدھ 6 جون 2018 21:08

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) قومی اسمبلی حلقہ این اے 38 ڈیرہ کے ریٹرنگ آفیسر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج ڈیرہ سید عارف شاہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ انتہائی صاف وشفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد ان کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے ۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے آخری دو رو زباقی رہ گئے ہیں ۔ایک سو سے زائد امیداور وں نے کاغذات نامزدگی وصول کرلیے ہیں تاہم تاحال کسی امیداور کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گی ۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوںنے حلقہ این اے 38 کے تمام پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا اورہاں پر سیکورٹی امور سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔مختلف پولنگ سٹیشنز کی جگہ کی تبدیلی کے حوالے سے انہیں چودہ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں لہذا وہ ان پولنگ سٹیشنز کا دورہ کرکے اس سلسلے میں جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ الیکشن انتہائی پرامن ماحول میں ہوں اور زیادہ سے زیادہ لوگ ووٹ کاسٹ کریں تاکہ اس دفعہ ریکارڈ ٹرن آئوٹ قائم ہو ۔

انہوںنے حلقہ کے لوگوں سے درخواست کی وہ کسی بھی پولنگ سٹیشن کے حوالے سے کوئی بھی شکایت رکھتے ہوں یا وہاں پر امن وامان ودیگر مسائل کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر ان کے دفتر میں ان سے رجوع کریں تاکہ ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جاسکے ۔