بلوچستان میں نگران وزیراعلیٰ کے نام کے انتخاب کیلئے پارلیمانی کمیٹی نے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوانے کافیصلہ کرلیا

بدھ 6 جون 2018 21:08

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) بلوچستان میں نگران وزیراعلیٰ کے نام کے انتخاب کیلئے پارلیمانی کمیٹی نے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوانے کافیصلہ کرلیاہے ۔بدھ کواپوزیشن کے پارلیمانی کمیٹی کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کی تاہم حکومت کی جانب سے نامزد کئے گئے پارلیمانی کمیٹی کے اراکین وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبد القد وس بزنجو کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بائیکاٹ کے بعد اجلاس میں شریک نہیں ہوئے گزشتہ روز نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر مشاورتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سابق وزرائے اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ،نواب ثناء اللہ زہری اور پشتو نخوامیپ کے سبکدوش ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی سید لیاقت آغا نے شرکت کی بلکہ اجلاس میں سیکرٹری اسمبلی بھی شریک ہوئے تاہم حکومت کی جانب سے کمیٹی کے ارا کین نے شرکت نہیں کی۔

(جاری ہے)

پارلیمانی کمیٹی نے نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کافیصلہ الیکشن کمیشن کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیااس موقع پرسابق وزیراعلیٰ بلوچستا ن نواب ثناء اللہ زہری نے کہاہے کہ نگران وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے اپوزیشن آئین کے تحت چل رہی ہے مگر سابقہ صوبائی حکومت حیلے بہانے بنا رہی ہے ہم آئینی طریقہ کار سے نگر ان وزیراعلیٰ کے نام کااعلان کرناچاہتے ہیں تاہم قدوس بزنجو چاہتے ہیں کہ آئین میں ترمیم لاکر انہیں تاحیات وزیراعلیٰ بنایاجائے ،سابق وزیراعلیٰ بلو چستا ن نواب ثناء اللہ زہری کاکہناتھاکہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے حکومتی ممبران کے بائیکاٹ کی کوئی آئینی حیثیت نہیں کمیٹی ممبران اور نگران وزیراعلیٰ کے ناموں کیلئے نوٹیفکیشن گزشتہ روز ہوچکا تھا جس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی ہم نے اجلاس کرکے 4نام اسپیکر کو بھجوادئیے تھے جن میں 2نام حزب اختلاف اور 2نام حکومت کے تھے ۔

حکومت کے نامزد امیدواران میں علائو الدین مری اور سردار شوکت پوپلزئی جبکہ ہمارے نامزد امیدواران میں سرداراسلم بھوتانی اور اشرف جہانگیر قاضی شامل ہے انہوں نے کہاکہ اب بال الیکشن کمیشن کے کورٹ میں چلی گئی ہے اب نگراں وزیراعلیٰ کافیصلہ الیکشن کمیشن ہی کریگی انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں اعتراضات کی کوئی گنجائش نہیں بلوچستان کے ساتھ مذاق بند ہوناچاہیے ،موجودہ وزیراعلیٰ خود کو سی ایم ہائوس سے الگ نہیں کرناچاہتے ۔

اجلاس سے قبل پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کاکہناتھاکہ آج نگراں وزیراعلیٰ کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کااجلاس ضرور ہوگا کمیٹی کیلئے اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے نام دئیے گئے تھے انہوں نے کہاکہ پارلیمانی کمیٹی میں حکومتی ارکان کی عدم شرکت کے باعث نگران وزیراعلیٰ کے نام الیکشن کمیشن کو بھجوائے جارہے ہیں ۔یاد رہے کہ گزشتہ شب وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اعلان کیاتھاکہ اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی میں دئیے گئے نام متنازعہ ہے اس لئے حکومت کی جانب سے نامزد کئے گئے کمیٹی کے ارکان کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے۔