ریحام خان کی متنازعہ کتاب امریکہ سے چھپوا لی گئی

کتاب کی چھپوائی کا سارا کام مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر کے ذریعے کروایا گیا جبکہ کتاب کو منظر عام پر لانے کی تاریخ ریحام خان اور حمزہ شہباز کی خفیہ میٹنگ میں طے ہوئی،کتاب کے مندرجات کو جان بوجھ کر لیک کیا جارہا ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 6 جون 2018 20:31

ریحام خان کی متنازعہ کتاب امریکہ سے چھپوا لی گئی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-06 جون 2018ء) :ریحام خان کی متنازعہ کتاب امریکہ سے چھپوا لی گئی۔ کتاب کی چھپوائی کا سارا کام مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر کے ذریعے کروایا گیا جبکہ کتاب کو منظر عام پر لانے کی تاریخ ریحام خان اور حمزہ شہباز کی خفیہ میٹنگ میں طے ہوئی،کتاب کے مندرجات کو جان بوجھ کر لیک کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ریحام خان کی کتاب نے پاکستانی سیاست میں ایک کھلبلی پیدا کر رکھی ہے۔پاکستانی میڈیا کی بیشتر کوریج ریحام خان کی متنازعہ کتاب اور اسکے مندرجات کے گرد گھوم رہی ہے۔کتاب کی پبلشنگ کے حوالے سے بھی سوالات اٹھ رہے ہیں ۔بہت سے تجزیہ نگارو ں کا کہنا ہے کہ ریحام خان کی کتاب جس قدر متنازعہ ہو چکی ہے کوئی پبلشر بھی اس کو نہیں چھاپے گا کیونکہ اس کو چھاپنے سے وہ پبلشر بھی قانونی زد میں آ سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ ریحام خان کی متنازعہ کتاب امریکہ سے چھپوا لی گئی۔امریکہ سے کتاب کی چھپوائی کا مقصد قانونی پیچیدگیوں سے بچنا ہے۔کتاب چھپوائی کے مرحلے میں داخل ہونے سے پہلے ہی مکمل کر لی گئی تھی اور اسکا اردو ترجمہ بھی کروا لیا گیا تھا۔قومی اخبار کی خبر کے مطابق کتاب کو منظر عام پر لانے کی تاریخ کا فیصلہ ریحام خان نے حمزہ شہباز شریف سے ملاقات میں طے کیا جبکہ یہ ملاقات دبئی میں انجام پائی تھی۔

کتاب کی چھپوائی کا سارا کام مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر کے ذریعے کروایا گیا۔خبر کے مطابق کتاب کو شہرت دلانے کے لیے اسکے مندرجات کو جان بوجھ کر لیک کیا جارہا ہے۔اس کتاب کے لیے پہلے لندن میں موجود ایک صحافی سے رابطہ کیا گیا لیکن اس کے بعد ریحام خان نے اس کتاب کو اپنے انگریز کولیگ اور دوست کے ذریعے مکمل کروایا۔