سپریم کورٹ نے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا تیار کردہ حلف نامہ منظور کر لیا

سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت تمام امیدواران اس بات کے پابند ہوں گے ، 11جون 2018تک اپنے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس حلف نامہ جمع کرائیں بصورت دیگر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد تصور ہوں گے،بیان حلفی میں مالیاتی قرضوں ، سرکاری اور یوٹیلیٹی واجبات کی معلومات سے متعلق شق شامل ، بیان حلفی میں امیدوار کو شریک حیات اور زیر کفالت افراد ، دہری شہریت سے متعلق معلومات بھی فراہم کرناہوں گی

بدھ 6 جون 2018 22:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) سپریم کورٹ نے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا تیار کردہ حلف نامہ منظور کر لیا،سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت تمام امیدواران اس بات کے پابند ہوں گے کہ 11جون 2018تک اپنے متعلقہ ریٹرنگ افسران کے پاس حلف نامہ جمع کرائیں ، بصورت دیگر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد تصور ہوں گے،بیان حلفی میں مالیاتی قرضوں سے متعلق شق شامل کی گئی ہے، سرکاری اور یوٹیلیٹی واجبات کی معلومات سے متعلق بھی شق شامل ہے، بیان حلفی میں امیدوار کو شریک حیات اور زیر کفالت افراد کی معلومات فراہم کرنا ہوگی، امیدوار کو اپنی دہری شہریت سے متعلق معلومات بھی فراہم کرنی ہوں گی جبکہ وہ اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی پابند ہوگا۔

بدھ کو ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا تیار کردہ حلف نامہ منظور کر لیا اور حکم دیا ہے کہ تمام امیدواروان قومی ، صوبائی اسمبلی اور مخصوص نشستوں کے لئے موجودہ نامزدگی فارم کے ساتھ حلف نامہ بھی شامل کریں اس سلسلے میں تمام ریٹرنگ افسران کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت تمام امیدواران اس بات کے پابند ہوں گے ،11جون 2018تک اپنے متلعقہ ریٹرنگ افسران کے پاس حلف نامہ جمع کرائیں گے بصورت دیگر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد تصور ہوں گے ۔ متوقع امیدواران کی سہولت کے لئے یہ حلف نامہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی ڈال دیا گیا ہے ۔کوئی بھی الیکشن کمیشن کے آفیشنل ویب سائٹ www.ecp.gov.pkسے یہ حلف نامہ ڈائون لوڈ کر سکتا ہے ۔

بیان حلفی میں مالیاتی قرضوں سے متعلق شق شامل کی گئی، سرکاری اور یوٹیلیٹی واجبات کی معلومات سے متعلق بھی شق شامل ہے، بیان حلفی میں امیدوار کو شریک حیات اور زیر کفالت افراد کی معلومات فراہم کرنا ہوگی، جبکہ امیدوار کو اپنے اور زیر کفالت افراد کے کاروبار کی تفصیل بھی جمع کرانا ہوگی۔ بیان حلفی میں فوجداری مقدمات سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا بھی لازم قرار دیا گیا ہے، جبکہ امیدوار کو تعلیمی قابلیت، موجودہ پیشہ، پاسپورٹ نمبر، این ٹی این بھی دینا ہو گا ، بیان حلفی میں امیدوار کو گزشتہ 3 سال کے دوران ادا کیے گئے زرعی انکم ٹیکس اور غیر ملکی دوروں کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی، امیدوار کو اپنی دہری شہریت سے متعلق معلومات بھی فراہم کرنی ہوں گی، جبکہ وہ اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی پابند ہوگا۔