Live Updates

ریحام خان کے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان پر سنگین الزامات لیکن عمران خان چُپ

عمران خان کی چُپ کی وجہ ریحام خان کے پاس ان کے بلیک بیری کی موجودگی ہو سکتا ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 7 جون 2018 14:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جون 2018ء) : پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان نے عمران خان اور ان کے قریبی ساتھیوں سمیت کئی شخصیات پر اپنی کتاب میں گھناؤنے اور غلیظ الزمات عائد کیے۔ ریحام خان نے عمران خان ، مراد سعید اور حمزہ علی عباسی پر ہم جنس پرست ہونے کا الزام عائد کیا ، عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری پر لندن میں ایک خاتون کا اسقاط حمل کروانے کا الزام عائد کیا ، یہی نہیں ریحام خان کی کتاب کے مبینہ مسودے میں پی ٹی آئی کی خواتین اور کچھ خاتون اینکرز پر بھی عمران خان سے تعلقات کا الزام عائد کیا۔

ان تمام تر الزامات پر ریحام خان کو سخت تنقید اور رد عمل کا سامنا بھی کرنا پڑا جبکہ ان کے سابق شوہر ڈاکٹر اعجاز رحمان ، حمزہ علی عباسی اور زلفی بخاری سمیت چار افراد نے ریحام خان کو گھناؤنے الزامات پر قانونی نوٹس جاری کیا۔

(جاری ہے)

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کا کہنا تھا کہ مجھے ریحام خان اور ان کی کتاب میں مجھ سمیت ہر کسی سے متعلق لکھے گئے کسی گھناؤنی بات کے جواب میں کچھ نہیں کہنا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب اتنا شرمناک ہے کہ اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ صاف نظر آ رہا ہے کہ ریحام خان کی ان باتوں کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ ریحام خان اور ان کے مددگاروں نے تمام حدیں عبور کر دی ہیں۔
تاہم تاحال عمران خان نے ریحام خان کی کسی بھی بات پر کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا۔ کچھ تجزیہ کاروں کے مطابق ریحام خان کو جوابی رد عمل نہ دینے اور ریحام خان کے کسی الزام پر عمران خان کے لب کشائی نہ کرنے کی وجہ عمران خان کا بلیک بیری ہو سکتا ہے جو اس وقت ریحام خان کے قبضے میں ہے۔

معروف صحافی اور ریحام خان کے ساتھی مبین رشید نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ریحام خان عمران خان سے طلاق کے بعد لندن آتے ہوئے ان کا بلیک بیری فون چوری کر کے اپنے ساتھ لے آئی تھیں لہٰذا اب خیال یہ کیا جارہا ہے کہ ریحام خان کی کتاب میں عمران خان کے بلیک بیری میں سے بھی کچھ انکشافات کیے گئے ہیں ، عمران خان کے بلیک بیری کا ریحام خان کے پاس ہونا ممکنہ طور پر ریحام خان کی کتاب پر پی ٹی آئی کے واویلے کی وجہ ہے اور عین ممکن ہے کہ عمران خان بھی اسی لیے خاموش ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کا بلیک بیری ریحام خان کے پاس ہے۔

اس معاملے پر بات کرتے ہوئے ایک صحافی مرتضی علی شاہ نے بتایا کہ ریحام خان طلاق کے بعد ایک بلیک بیری ڈیوائس اپنے ساتھ لے آئی تھیں جو انہوں نے اپنی کسی دوست کے پاس یا انشورنس کمپنی کے پاس رکھی ہوئی ہے۔اور بہت ذرائع اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ وہ بلیک بیری ڈیوائس اس وقت بر طانیہ میں موجود ہے اور ریحام خان کی کتاب کا جو مسودہ لیک ہوا ہے اس میں ایک بلیک بیری کا ذکر ہے۔

صحافی کا اس متعلق مزید بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان نے ریحام خان کو طلاق دینے سے دو ماہ پہلے برطانیہ کے کچھ ماہر قانون سے رابطہ کیا تھا اور ان سے پوچھا تھا کہ اگر وہ ریحام خان کو طلاق دیتے ہیں تو اس کے برطانیہ میں کون سے قانونی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔جب کہ ریحام خان کو یہ بات پتہ چل گئی کہ عمران خان طلاق کے حوالے سے قانونی ماہرین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔اور ریحام خان کو اس بات کا اندازہ ہو گیا تھا کہ ان کی شادی مشکلات کا شکار ہے۔اور کچھ بھی ہو سکتا۔اس لیے وہ عمران خان کی ڈیوائس اپنے ساتھ لندن لے آئی تھیں جب کہ اس بلیک بیری میں اور کئی ای میلز بھی موجود ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات