فٹبال ورلڈ کپ،ایران ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے روس پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی

ورلڈ کپ کا آغاز14جون سے ماسکو میں میزبان روس اور سعودی عرب کی ٹیموں کے درمیان میچ سے ہوگا

جمعرات 7 جون 2018 16:02

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2018ء) ایران کی ٹیم ورلڈ کپ فٹ بال میں شرکت کیلئے ماسکو پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز14جون سے روس کے دارالحکومت ماسکو میں میزبان روس اور سعودی عرب کی ٹیموں کے درمیان میچ سے ہوگا۔ایونٹ کو دیکھنے کیلئے مختلف ممالک سے ہزاروں شائقین روس پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ کئی کئی سو ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔

ٹورنامنٹ میں دنیا کی ٹاپ 32ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ایران کی ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلئے سب سے پہلے روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچی۔ایران ایشیا کی پہلی ٹیم ہے جس نے ورلڈ کپ 2018 کے لئے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا یہ اس کی ورلڈ کپ میں پانچویں شرکت ہے۔ ایرانی ٹیم اپنا پہلا میچ مراکش کے خلاف 15جون کو سینٹ پیٹرز برگ میں کھیلے گی۔

(جاری ہے)

14جون سے 15جولائی تک جاری رہے والے دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں میں دنیا کی ٹاپ 32ٹاپ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

جرمنی کی ٹیم ایک بار پھر اپنے اعزاز کے دفاع کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے۔ گروپ اے میں میزبان روس، سعودی عرب، مصر اور یوراگوئے، گروپ بی میں پرتگال، اسپین، مراکش اور ایران، گروپ سی میں فرانس، آسٹریلیا، پیرو اور ڈنمارک، گروپ ڈی میں ارجنٹائن، آئس لینڈ، کروشیا اور نائیجریا، گروپ ای میں برازیل، سوئٹزرلینڈ، کوسٹاریکا اور سربیا، گروپ ایف میں دفاعی چیمپئن جرمنی، میکسیکو، سویڈن اور جنوبی کوریا، گروپ جی میں بلجیم، پانامہ، تیونس اور انگلینڈ جبکہ گروپ ایچ میں پولینڈ، سینیگال، کولمبیا اور جاپان شامل ہیں۔

دنیا کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی ورلڈ کپ فٹ بال کا سحر طاری ہونا شروع ہوگیا ہے۔ لیاری، ملیر، ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ایسٹ میں اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کے پرچم اور کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں ہونا شروع ہوگئیں ہیں۔ورلڈ کپ فٹ بال کا سحر دنیا پر طاری ہوتا جا رہا ہے، میگا ایونٹ کا آغاز ٹھیک 7دن بعد ہوگا اور جوں جوں میگا ایونٹ کے شروع ہونے والا دن قریب آتا جا رہا ہے، شائقین میں اس کا جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے۔

ٹورنامنٹ کی شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس کو دیاگار بنانے کیلئے سینکڑوں فن کار دن رات تیاریوں میں مصروف ہیں اور میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر پہنچی ہوئی ہیں۔ ایونٹ کو دیکھنے کیلئے مختلف ممالک سے ہزاروں شائقین روس پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ کئی کئی سو ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔ ایونٹ کیلئے روسی حکومت کی جانب سے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔