افغان طالبان کو27ویں روزے سے عید کے پانچویں دن تک جنگ بندی کی پیشکش

اعلیٰ قیادت افغان حکومت کی جانب سے عارضی جنگ بندی کے اعلان کا جائزہ لے رہی ہے،طالبان ترجمان کا ردعمل

جمعرات جون 20:39

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) افغان حکومت نے عید الفطر کے پیشِ نظر طالبان کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا اعلان کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ طالبان کے ساتھ جنگ بندی 27ویں روزے سے لے کر عید الفطر کے 5ویں روز تک رہے گی۔اب تک طالبان کی جانب سے افغان صدر کی جنگ بندی کی پیشکش کا جواب نہیں دیا گیا۔

طالبان ترجمان نے بتایا کہ طالبان کی اعلیٰ قیادت افغان حکومت کی جانب سے عارضی جنگ بندی کے اعلان کا جائزہ لے رہی ہے۔افغان صدر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ افغان حکومت نہ صرف علماء کرام کے دہشت گردی کے خلاف فتوے کی متفقہ طور پر حمایت کرتی ہے بلکہ سیز فائر کی تجاویز کی بھی حمایت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت نے سیکیورٹی اداروں کو طالبان پر حملہ کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کردیے ہیں، جبکہ داعش القاعدہ اور دیگر عالمی دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

علماء کے فتوے میں کہا گیا کہ افغانستان میں کسی بھی طرح کی جنگ غیر اسلامی عمل ہے اور یہ مسلمانوں کے قتلِ عام کے سوا کچھ نہیں ہے۔۔افغانستان کے علماء کے اس فتوے کی افغان صدر اشرف غنی نے حمایت کی جبکہ طلبان کی جانب سے اس فتوے کو مسترد کردیا گیا۔