لیڈی ڈاکٹرز کوبلیک میل کر کے ان سے بھتہ وصول کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کے خلاف کیس کی سماعت انیس جون تک ملتوی

جمعہ 8 جون 2018 19:39

لاہور۔8جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) لاہورکی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دو سو سے زائد خواتین ڈاکٹرز کو فیس بک اکاونٹ ہیک کرکے بلیک میل کرنے اور ان سے بھتہ وصول کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم عبدالوہاب علوی کے خلاف کیس کی سماعت انیس جون تک ملتوی آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن کو ملزم کے خلاف بطور ثبوت ملزم کی خواتین کو بلیک میل کرنے کے حوالے سے ویڈیوز عدالت میں پیش کرنے اور اسے فریقین کے سامنے دکھانے کی ہدایت کی ہے ۔

انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سیدسلمان کاظمی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فرانزک رپورٹ میں ملزم کی آڈیو آواز میچ کر چکی ہے اور ایف آئی اے نے تمام ریکارڈ کی فرانزک رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت میں ایف آئی کے افسر نے آڈیو آواز کی تصدیق کر دی۔

ایف آئی اے فرانزک آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ لیپ ٹاپ سے ملنے والے آڈیو گفتگو 95 فیصد ملزم کی آواز سے میچ کرتی ہے اور ملزم کے لیپ ٹاپ سے 200 سے زائد آڈیو کالز برآمد کیں۔ملزم کے قبضے سے حاصل ہونے میموری کارڈ اور لیپ ٹاپ سے برامد آڈیو کا فرانزک کیا گیا۔ملزم کے قبضے سے 66 سے زاید قابل اعتراض ویڈیوز بھی برآمد کی گئیں۔ 2000 سے زائد قابل اعتراض تصاویر برآمد کی گئیں۔

جبکہ 266 آڈیو کالز، 25 موبائل ریچارج کوڈ وغیرہ اس کے لیپ ٹاپ میں بھی ہیں۔ پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم آرمی کی ایجنسیوں کا جعلی میجر بن کر بھی کارروائیاں کرتا رہا اور ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے، خاتون اور بچوں کے اغواء کے مقدمات بھی درج ہیں۔عدالت میں ابتک 22 گواہان اپنا بیان قلمبند کروا چکے ہیں جن میں 5 خواتین ڈاکٹرز اور ایک نرس بھی شامل ہیں عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء کو بھی حتمی دلائل پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔