تفریحی پارک میں بچوں کی ٹرین الٹنے کے نتیجہ میں 15سالہ طالب علم جاں بحق‘13طلبہ شدید زخمی

جمعہ 8 جون 2018 21:19

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) ایبٹ آباد کے تفریحی پارک میں بچوں کی ٹرین الٹنے کے نتیجہ میں 15سالہ طالب علم جاں بحق‘13طلبہ شدید زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے 4زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی ہے۔پارک کا مالک فرار ہوگیا۔تھانہ کینٹ میں پارک کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز نجی سکول کے طلبہ کا ٹرپ تفریحی پارک لیڈی گارڈن میں آیا ہوا تھا ۔

(جاری ہے)

طلبہ ٹرین میں بیٹھ کر جھولے لے رہے تھے ۔اس دوران ٹرین الٹ گئی جس کے نتیجہ میں ایک طالب علم باسط جاں بحق جبکہ نواز ولد عبدالرشید،حاشر طفیل ولد طفیل،ناصر ولد نامعلوم،شاہ روز ولد جیمز مسیح،وسیم سلیم ولد سلیم مسیح،مسماة درہ دخترشمعون،شمریز سلیم ولد سلیم فوزیہ سلیم دختر سلیم سمیت 13طلبہ زخمی ہوئے ۔موقع پر موجود لوگوں نے زخمی طلبہ کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے 4زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی ہے ۔تھانہ کینٹ میں پارک کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے ۔