سنگاپور ایئر لائنزکا 19گھنٹے کی دنیا کی سب سے طویل نان سٹاپ پرواز چلانے کا دعویٰ

پرواز مسافروں کو لے کر سنگاپور سے امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر نیویارک جائے گی ،ترجمان ائیرلائنز کی گفتگو

اتوار 10 جون 2018 12:30

سنگاپورسٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) سنگاپور ایئر لائنز دنیا کی سب سے طویل نان سٹاپ پرواز چلانے کا دعویٰ کر رہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں سنگاپور ایئر لائنز نے بتایاکہ رواں برس اکتوبر سے ان کی پرواز مسافروں کو لے کر سنگاپور سے امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر نیوارک جائے گی اور یہ نان سٹاپ سفر تقریباً 19 گھنٹے طویل ہو گا۔

دنیا میں اس وقت سب سے طویل دستیاب نان سٹاپ پرواز قطر ایئر ویز کی ہے جو دوحا سے آک لینڈ کا سفر ساڑھے 17 گھنٹوں میں طے کرتی ہے۔رواں سال شروع ہونے والی قنطاس ایئر لائنز کی نان سٹاپ پرواز پرتھ سے لندن کا سفر 17 گھنٹوں میں طے کرتی ہے۔سنگا پور ایئر لائنز نے 2004 سے 2013 تک سنگاپور کے چانگ ہوائی اڈے سے نیو یارک کے بین الاقوامی ہوائی اڈے تک نان سٹاپ سروس کی پیشکش کی تھی۔

(جاری ہے)

لیکن پھر تیل کی قیمتوں میں اضافے، دیگر عوامل کی وجہ سے سنگا پور ایئر لائنز نے زیادہ ایندھن استعمال کرنے والی ایئر بس A340-500 کا استعمال بند کر دیا تھا۔سنگا پور ایئر لائنز کا یہ روٹ منسوخ ہو گیا اور خوش قسمتی سے وہ ایئر بس کو جہاز واپس کرنے میں کامیاب ہوئی۔اب سنگاپور ایئر لائنز ایئر بس کا ایک نیا ماڈل لے رہی ہے، جس سے توقع ہے کہ سنگا پور سے نیوارک کا نان سٹاپ سفر تجارتی بنیادوں پر دوبارہ قابلِ عمل بنایا جا سکتا ہے۔

سنگا پور میں ایئر بس کی ترجمان سین لی کا کہنا تھا کہ یہ طیارے موجودہ دور میں کسی بھی پرواز کرنے والے طیاروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ طویل پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ طیارے 9,700 ناٹیکل میل نان سٹاپ پرواز کر سکتے ہیں۔ ان کی پرواز کا دورانیہ 20 گھنٹوں سے زیادہ ہے۔یہ اس لیے ممکن ہے کیونکہ ہم نے ان طیاروں کے ایندھن کے نظام میں ردو بدل کیا ہے چنانچہ یہ اب اضافی 24,000 لیٹر ایندھن لے جا سکتے ہیں۔

سنگا پور ائیر لائنز کے نئے طیاروں میں 161 نشستیں ہوں گی جس میں 67 بزنس کلاس کے مسافر اور 94 پریمیم اکانومی کلاس کے مسافر ہوں گے۔ اس کے مقابلے میں سنگا پور ائیر لائنز کے دوسرے چار A350-900 طیاروں میں 253 نشستیں ہیں۔آن لائن پبلیکیشن فلائیٹ گلوبل کی ایلس ٹیلر وضاحت کرتی ہیں کہ اگر ان طیاروں میں اکانومی نشستیں بھی ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ اس میں زیادہ مسافر اور زیادہ وزن بھی ہو گا۔سنگاپور ایئر لائنز نے یہ بھی واضح کر دیا کہ یہ ایک پریمیم سروس ہے اور اسی لیے اس کا کرایہ معمول سے کہیں زیادہ ہو گا۔تاہم ٹیلر نے پیشنگوئی کیکہ سنگا پور ائیر لائنز کو اس پرواز کے لیے مسافروں کو لانے میں زیادہ کوشش کی ضرروت نہیں ہو گی۔

متعلقہ عنوان :