Live Updates

پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم: تحریک انصاف کے کارکنان کا دوسرے روز بھی بنی گالہ میں احتجاج

صوبائی اسمبلی کے 2 حلقوں کے ٹکٹ دو بھائیوں کو دئیے گئے ہیں جس سے حق تلفی ہوئی ہے ،ْ جڑانوالہ کے کارکنوں کا موقف

اتوار 10 جون 2018 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) عام انتخابات 2018 کے لیے تحریک انصاف کے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر کارکنان کی جانب سے دوسرے روز اتوار کو بھی بنی گالہ میں احتجاج کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق پی پی 100 جڑانوالہ سے خان بہادر ڈوگر اور پی پی 3 سے اکبر خان تنولی کے حامیوں کی جانب سے بنی گالہ میں احتجاج کیا گیا جڑانوالہ سے آنے والے مظاہرین کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلی کے 2 حلقوں کے ٹکٹ دو بھائیوں کو دیے گئے ہیں جس سے ان کی حق تلفی ہوئی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 87 بنوں کے کارکنان کا بھی بنی گالہ میں احتجاج جاری رہا ۔ گزشتہ روز این اے 54 سے سرور خان کو ٹکٹ دیے جانے کے خلاف پارٹی رہنما اجمل راجا کے حامیوں کی جانب سے عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے سرور خان کو پارٹی ٹکٹ دینے کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ان کے انتخاب کو ناقابل قبول قرار دیا تھا۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 8 جون کو قومی اسمبلی کے 173 اور صوبائی اسمبلیوں کے 290 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔امیدواروں کے اعلان کے بعد عمران خان کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ امیدواروں کا انتخاب نہایت اہم مگر کٹھن مرحلہ تھا لیکن نہایت محنت و دیانتداری سے فیصلے کیے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات