ٹرمپ اور کم جانگ ان کی تاریخی ملاقات کا وقت قریب آگیا ، دونوں رہنما سنگاپور پہنچ گئے

دونوں ممالک کے سربراہان کی ملاقات 12 جون کو سنگاپور میں ہوگی ،ْشمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام و دیگر امور پر بات چیت ہوگی

اتوار 10 جون 2018 22:20

سنگا پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان کے درمیان تاریخی ملاقات کا وقت قریب آگیا اور دونوں رہنما اس ملاقات کیلئے سنگاپور پہنچ چکے ہیں۔اس حوالے سے پہلے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان سنگاپور پہنچے۔سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیر خارجہ ویویان بلکرشنان نے کم جانگ ان کا استقبال کیا اور ان کے استقبال کی ایک تصویر بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی۔

شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جانگ ان نے اس کے بعد سنگاپور کے وزیراعظم لی ہیسن لونگ سے ملاقات کی جس میں مختلف باہمی امور پر بات چیت کی گئی۔کم جانگ ان کے سنگاپور پہنچنے کے کئی گھنٹوں بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ایئرفورس ون کے ذریعے سنگاپور پہنچے اور ان کا استقبال بھی سنگاپور کے وزیر خارجہ نے ہی کیا۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جانگ ان کے درمیان 12 جون کو ملاقات شیڈول ہے جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ سنگاپور کے وزیراعظم کا صحافیوں کو بتانا تھا کہ اس ملاقات پر 15 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔

دوسری جانب کینیڈا میں جی سیون کانفرنس کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں کم جانگ ان اپنے عوام کے لیے کچھ اچھا کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے ان کے پاس اچھا موقع ہے اور ایسا موقع دوبارہ نہیں آئیگا۔اس موقع پر امریکی صدر نے قیاس آرائی بھی کی کہ اگر کم جانگ ان سے ملاقات ہوئی تو انہیں معلوم ہے کہ ملاقات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا ان کے خیال میں وہ ملاقات کے پہلے منٹ میں ہی جان لیں گے کہ ملاقات کیسی ہوگی لیکن اگر ملاقات سودمند نہ ہوئی تو وہ کم از کم آپس میں مل ہی لیں گے۔