امریکی کمپنی مائیکرو سافٹ نے سونی کی طرح آن لائن گیم اسٹریمنگ سروس متعارف کرانے کا اعلان کردیا

پیر 11 جون 2018 20:05

امریکی کمپنی مائیکرو سافٹ نے سونی کی طرح آن لائن گیم اسٹریمنگ سروس ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) سافٹ ویئر، موبائل و کمپیوٹر آلات بنانے والی امریکی کمپنی مائیکرو سافٹ نے سونی کی طرح آن لائن گیم اسٹریمنگ سروس متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ سے قبل جاپانی ملٹی نیشنل کمپنی سونی نے آن لائن گیم اسٹریمنگ سروس متعارف کرا رکھی ہے۔سونی کی گیم اسٹریمنگ سروس پلے اسٹیشن میں 650 سے زائد گیمز موجود ہیں، تاہم یہ گیم اسٹریمنگ متعدد موبائل فونز سمیت ٹیبلیٹس اور لیپ ٹاپ پر نہیں چلتی۔

مائیکرو سافٹ نے سونی کی گیم اسٹریمنگ سے بہتر گیم اسٹریمنگ سروس متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انجنیئرز ایسی اسٹریمنگ سروس بنانے میں مصروف ہیں، جو ہر طرح کی ڈیوائسز پر چلے گی۔امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 12 جون سے ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے گیمنگ ایکسپو دی الیکٹرانک انٹرٹینمنٹ ایکسپو (ای 3) کے آغاز سے قبل کی جانے والی پریس کانفرنس میں مائیکرو سافٹ گیم کے سربراہ فل اسپینسر کے مطابق ان کی کمپنی جلد گیم اسٹریمنگ سروس متعارف کرائے گی۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس کے دوران فل اسپینسر نے گیم اسٹریمنگ سروس کو متعارف کرانے کی حتمی تاریخ نہیں بتائی، تاہم عندیہ دیا کہ آئندہ برس تک اسے متعارف کرایا جائے گا۔ان کے مطابق مائیکرو سافٹ کی گیم اسٹریمنگ سروس نہ صرف کمپیوٹرز و ہر طرح کے لیپ ٹاپ اور ٹیبلیٹس پر چلے گی، بلکہ وہ موبائل فونز پر بھی چلے گی۔اس موقع پر مائیکرو سافٹ نے اپنی آنے والی معروف ویڈیو گیمز کے ٹریلر بھی جاری کیے۔مائیکرو سافٹ کی جانب سے آنے والی 15 ویڈیو گیمز کے ٹریلر جاری کیے گئے۔۔