Live Updates

نیب کا نواز شریف اور مریم نواز کو بیرون ملک روانہ ہونے سے روکنے کا فیصلہ

نیب نے نگراں وزارت داخلہ سے شریف خاندان کے افراد کے نام فوری ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کردی

muhammad ali محمد علی پیر 11 جون 2018 21:09

نیب کا نواز شریف اور مریم نواز کو بیرون ملک روانہ ہونے سے روکنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-11 جون 2018ء) نیب کا نواز شریف اور مریم نواز کو بیرون ملک روانہ ہونے سے روکنے کا فیصلہ ، نیب نے نگراں وزارت داخلہ سے شریف خاندان کے افراد کے نام فوری ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کردی۔ تفصیلات کے مطابق نیب ایک مرتبہ شریف خاندان کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے متحرک ہوگیا ہے۔ شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز اپنے منطقی انجام کی جانب تیزی سے گامزن ہیں۔

دوسری جانب چیف جسٹس کی جانب سے گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ اگر شریف خاندان بیرون ملک روانہ ہونے کیلئے باقاعدہ درخواست دیں تو ان کی درخواست پر سنجیدگی سے گور کیا جائے گا۔ چیف جسٹس کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب نواز شریف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ انہیں جان بوجھ کر لندن میں زیر علاج ان کی اہلیہ سے ملاقات کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کچھ حلقوں کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر نواز شریف اپنے بچاو کیلئے کوئی ڈیل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اس صورتحال میں اب نیب فوری متحرک ہو گیا ہے۔ نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کو بیرون ملک روانہ ہونے سے روکنے کا فیصلہ  کیا ہے۔ اس سلسلے میں نیب نے نگراں وزارت داخلہ سے خصوصی درخواست کی ہے۔ نیب نے وزرات داخلہ سے درخواست کی ہے کہ شریف خاندان کے افراد کے نام فوری ای سی ایل میں ڈال دیے جائیں۔

نیب کا موقف ہے کہ چونکہ شریف خاندان کیخلاف نیب کیسز آخری مراحل میں ہیں، اس لیے نواز شریف اور مریم نواز کو بیرون ملک جانے سے روکا جائے۔ اگر سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز بیرون ملک چلے گئے، تو اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں کہ وہ نیب کیسز کے فیصلے آنے سے قبل وطن واپس بھی آ جائیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات