مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخاب کی یقینی فاتح جماعت ہے،بیگم سیماجیلانی

بے وفائی کرنے والوںکی آنکھیں بہت جلد کھل جائیں گی لیکن تب تک واپسی کے دروازے بند ہوچکے ہونگے،سابق رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ(ن) کی کشتی کو ڈوبتی کشتی کہنے والوں کی آنکھیں بہت جلد کھل جائیں گی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی ہوگی،مسلم لیگی رہنما

منگل 12 جون 2018 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی سابق رکن قومی اسمبلی بیگم سیماجیلانی نے کہاہے کہ قائد میاں نوازشریف کے ساتھ ساتھ بے وفائی کرنے والوں کو تارے نظر آنے شروع ہو گئے ہیں،بہت جلدپارٹی چھوڑکر جانے والوں کو اپنی غلطی کی سنگینی کا احساس ہو جائے گا،کیونکہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام نے متفقہ فیصلہ قائد میاں نوازشریف کے حق میں سنا دیا ہے،پاکستان مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخابات کی یقینی فاتح جماعت بن کر سامنے آئے گی ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی کشتی کو ڈوبتی کشتی کہنے والوں کی آنکھیں بہت جلد کھل جائیں گی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی ہوگی،قوم کے اعتماد اور میاں نوازشریف کے ساتھ والہانہ محبت کو دیکھ کر یقین ہوگیا ہے کہ قائد میاں نوازشریف کی قیادت میں پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ مسلم لیگ(ن) جیت کر حکومت بنائے گی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما بیگم سیماجیلانی نے مزیدکہاکہ ہماری مخالف قوتوں کی تمام تر سازشیں آخری سانسیں لے رہی ہیں،پاکستان مسلم لیگ(ن ) کی قیادت سیاسی سازشوں کے گڑھ سے سرخرو ہوکرنکلے گی،تباہی کی طرف جاتی ہوئی ملکی معیشت او رعام پاکستانی کے مسائل کا واحد حل پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہے جس نے گذشتہ پانچ سالوں میں اپنے ہر انتخابی وعدے کویقین میں بدل کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں حقیقی جمہوری قیادت میاں نوازشریف ہی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پیارے پاکستان کو مکمل تباہی سے بچانے کیلئے پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے گٹھ جوڑ کے خاتمے کیلئے قائد میاںنوازشریف کا ساتھ دیں اورپیارے ملک پاکستان کودنیاکا ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے میدان عمل میں نکلیں۔