پاکستان افغانستان میں مستحکم حکومت کا خواہاں ہے : خسرو بختیار

آرمی چیف کا دورہ کابل مقاصد کے حصول کی جانب اہم پیشرفت ہے ، رہنما تحریک انصاف

منگل 12 جون 2018 21:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں متحد و مستحکم قومی حکومت کا خواہاں ہے۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی افغانستان میں امن کا خواہشمند ہے۔ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمرجاوید باجوہ کا دورہ کابل اس مقصد کے حصول کے لئے اہم پیش رفت ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں خسرو بختیار نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر ہونے والے آرمی چیف جنرل باجوہ کے دورے سے خطے میں امن اور سلامتی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو تقویت ملے گی۔

خسرو بختیا ر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے ہمیشہ خلوص نیت اور ہر قسم کے تعصب سے بالا تر ہو کر کوششیں کی ہیں۔ طویل تنازعات سے پاکستان اور افغانستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ ہمیں مشترکہ دشمن کے خلاف مل کر خطے میں امن کا راستہ تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہو گا اور مشترکہ دشمن کو شکست دینا ہو گی ۔پاکستان افغانستان میں امن کے لیے مکمل تعاون کر رہا ہے۔