اسٹیٹ بینک قومی ادارہ ہے اسے غیرجانبداراور ذمہ داری کاثبوت دینا چاہئے،ایم ایم اے

ڈیفالٹرز کی جاری کردہ فہرست میںمتحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما راسداللہ بھٹو ایڈووکیٹ کا نام جھوٹ اوربدنیتی پرمبنی ہے، ترجمان

جمعرات 14 جون 2018 18:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بنک ایک قومی ادارہ ہے اسے غیرجانبداراور ذمہ داری کاثبوت دینا چاہئے،اسٹیٹ بنک کی جانب سے ایک سوڈفالٹرز کی جاری کردہ فہرست میںمتحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما اوراین اے 242پر نامزدامیدواراسداللہ بھٹو ایڈووکیٹ کا نام جھوٹ اورغلط فہمی کی بنیاد پردیا گیا ہے،جس کی وہ سختی سے تردید کرچکے ہیں،اسٹیٹ بنک کے اس غیرذمہ دارانہ اقدام سے نہ صرف اسداللہ بھٹو بلکہ پوری متحدہ مجلس عمل کی ساکھ متاثر اورانتخابی مہم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانی کی کوشش ہے ۔

بتایا جائے کہ یہ سب کچھ کون سی خلائی مخلوق کے اشاروں پرکیا جارہا ہے،اس لیئے اسٹیٹ بنک نہ صرف اپنی فہرست کو درست کرے بلکہ ساکھ کو نقصان پہنچانے پرمعافی مانگے۔

(جاری ہے)

انہوں آج ایک بیان میں کہا کہ اسداللہ بھٹو ایک سینئر سیاسی رہنما اورقانون دان ہیں ،وہ جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر،متحدہ مجلس عمل کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے ممبر اورسابق ممبرقومی اسمبلی کے ساتھ اس وقت کراچی کے حلقہ 242سے ایم ایم اے کے مضبوط امیدوار ہیں۔

جن کی کامیابی کے پیش نظرمخالفین بوکھلاہٹ کا شکارہوگئے ہیں ان کو میدان سے آئوٹ کرنے کے لیے اپنے آقائوں کے ساتھ مل کربھونڈے حیلے بحانے تلاش کرنے میں مصروف ہیں،مگر ان شاء اللہ ان کو منہ کی کھانے پڑے گی،اسداللہ بھٹو سمیت متحدہ مجلس عمل کے تمام امیدوار بھرپورکامیابی حاصل کرکے ایک متبادل اورمضبوط قوت بن کرابھریں گے۔