ْعیدالفطر عالم اسلام کا ایک پاکیزہ دن ہے جو اخوت اور مساوات کا سبق دیتا ہے‘اعجا ز چوہدری

ہمیں عید کی خوشیوں میں ا پنے پیاروں کے ساتھ ساتھ نادار ، مفلس ، مستحقین اور یتیموں کو بھی شریک کر نا چاہیے

جمعہ 15 جون 2018 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ونامزد امیدوار این اے 133اعجازاحمد چوہدری نے عیدالفطرکے موقع پر اپنے جاری کردہ خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ لاہور سمیت ملک بھر کے اہل وطن کو دلی عید مبارک اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستانیوں کو عید جیسی ہزاروں خوشیاں عطا فرمائے،عیدالفطر عالم اسلام کا ایک پاکیزہ دن ہے جو انسانی رشتوں کو مضبوط سے مضبوط تر بناتا ہے، اخوت اور مساوات کا سبق دیتا ہے، عیدالفطر دن دنیا بھر کے مسلمان خوشیاں مناتے ہیں،زندگی میں انسان کو بہت ساری خوشیاں ملتی ہیںمگر عید کی خوشی اور دوسری خوشیوں میں ایک بنیادی فرق ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں عید کی خوشیوں میں ا پنے پیاروں کے ساتھ ساتھ نادار ، مفلس ، مستحقین اور یتیموں کو بھی شریک کر نا چاہیے، اسلامی شعور کے ساتھ رکھے جانے والے روزوں سے ہی دلوں میں تقویٰ، خدا خوفی اور پرہیزگاری پیدا ہوتی ہے اور تب ہی عید الفطر کا اجتماع ہمارے اندر تنظیم و اتحاد، اخوت و محبت کی خصوصیات پیدا کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

عیدالفطر دو اسلامی تہواروں میں سے ایک ہے،یہ ایک عالمی اجتماع ہے یہ اس لئے منعقد ہوتا ہے کہ بندگانِ خدا اجتماعی طور پر اپنے بنانے والے کا شکریہ ادا کریں اور اس حقیقت کا اعلان کریں کہ’’اللہ اکبر، اللہ اکبر لااِلٰہ الااللہ واللہ اکبر اللہ اکبر وللہ الحمد‘‘ اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اللہ ہی سب سے بڑا ہے ساری تعریفیں اللہ ہی کیلئے ہیں۔