ْ مہاجر قومی موومنٹ نے 44قومی و صوبائی نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں،خالد حمید

پیر 18 جون 2018 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2018ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے سیکریٹری اطلاعات خالد حمید نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ نے شہری سندھ کے عوام کی آواز بھرپور انداز میں اسمبلیوں میں پہنچانے کیلئے 44قومی و صوبائی نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔ یہ ناصرف ہمارے پارلیمانی عہد کا آغاز ہے بلکہ مہاجر عوام کو لاوارث کہنے والوں کیلئے بھی پیغام ہے کہ قوم کے وارث اپنے لوگوں کے درمیان موجود ہیں ۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر جیکب لائن سے آنے والے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں مہاجروں کا ووٹ تقسیم کرنے کیلئے بہت سی قوتیں میدان میں ہیں جنہیں شکست دینے کیلئے مہاجر مائوں ، بہنوں ، بیٹیوں اور بزرگوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو بھی خم ٹھونک کر میدان میں اترنا ہوگا اور یہ سوچے بنا کہ کون کس طرح کے خواب دکھا رہا ہے ! اپنا ووٹ صرف اور صرف موم بتی کو دینا ہوگا کیونکہ موم بتی کی فتح دراصل مہاجر قوم کی فتح ہے۔

(جاری ہے)

خالد حمید نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کے مدنظر صرف اپنی قوم کا بہتر مستقبل ہے جس کیلئے ہم جنوبی سندھ صوبہ کو ضروری سمجھتے ہیں ، اس بار الیکشن میں جنوبی سندھ صوبہ کے سنگل پوائنٹ ایجنڈے کی بنیاد پر قوم سے ووٹ طلب کریں گے اور الیکشن کے نتائج خواہ کچھ بھی ہوں جنوبی سندھ صوبہ کی تحریک جاری رہے گی ۔خالد حمید نے کہا کہ اگر دیواروں پر نعرے لکھنے سے کامیابی ملتی تو اسمبلیاں صرف جادوگروں اور عاملوں سے بھری ہوتیں جو پورے شہر کی دیواریں کالی کرچکے ہیں ،حقیقت یہ ہے کہ اب اسمبلیوں میں وہی پہنچے گا جو اچھے برے وقت میں قوم کے ساتھ رہا ہو اور یہ اعزاز صرف مہاجر قومی موومنٹ کو ہی حاصل ہے۔

جن کی ڈوریں دوسرے ہلاتے ہوں انکی مہاجروں کے درمیان کوئی جگہ نہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر سے مہاجر امیدواروں کے کا غذات نامزدگی جمع کرانا مہاجر فلسفہ کی کامیابی کا ثبوت ہے ، قوم موم بتی پر مہر لگا کر مہاجر پرستی کا ثبوت دے۔#

متعلقہ عنوان :