بھارت نے خیرسگالی طورپر خاتون سمیت 6 پاکستانی شہریوں کو رہا کردیا

رہائی پانے والوں میں ایک خاتون اور ذہنی طو ر پر معذور شخص بھی شامل ہیں

منگل جون 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2018ء) بھارت نے خیرسگالی طورپر خاتون سمیت 6 پاکستانی شہریوں کو رہا کردیا ۔۔بھارتی باڈر سکیورٹی فورس نے سزائیں مکمل کرنے والے پاکستانی شہریوں کو واہگہ بارڈرپرپاکستان رینجرز کے حوالے کیا ۔۔بھارت سے رہا ہوکر آنے والوں میں اللہ دتہ، نسرین اختر، ہارون علی، محمدندیم، اختراسلام اور محمدیاسین شامل ہیں۔

بھارت سے رہائی پانے والی لاہورکی رہائشی نسرین اختر 2006ء میں عرس میں شرکت کے لئے بھارت گئی تھیں تاہم اٹاری اسٹیشن پر انہیں منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ۔ نسرین اخترکی والدہ نے پاکستانی اوربھارتی حکومت سے اپنی بیٹی کی رہائی کی اپیل کی تھی۔ نسرین اختر کو عائدکیا گیا جرمانہ پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے اداکیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نسرین اخترکا کہنا ہے کہ وہ اپنی رہائی پر اللہ تعالی کی شکرگزارہیں، انہوں نے دونوں ملکوں کے حکام سے اپیل کی ہے کہ ایک دوسرے کی جیلوں میں قید سزائیں مکمل کرنے والے قیدیوں کو رہائی ملنی چاہیے۔دوسری جانب رہائی پانے والوں میں ایک نوجوان ہارون علی بھی شامل ہے جس کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔ ہارون علی کو دوسال پہلے غلطی سے سرحد پار کرنے کے الزام میں گرفتارکیا گیا اور اسے امرتسرسنٹرل جیل میں رکھا گیا تھا۔نئی دہلی میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے مطابق ابھی بھی چاربچوں سمیت 52 پاکستانی سویلین قیدی بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔