لاہور ہائیکورٹ کا میانی صاحب قبرستان میں غیر آباد احاطے مسمار کرنے کا حکم

بدھ 20 جون 2018 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے میانی صاحب قبرستان میں غیر آباد احاطے مسمار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔ لاہور ہائیکورٹ میں میانی صاحب قبرستان اراضی پر قبضہ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ قبرستان کمیٹی نے غیر آباد احاطوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تقریباً 100 سے زائد ایسے احاطے ہیں جن کا کوئی بھی وارث نہیں۔

جس پر جسٹس علی اکبر قریشی نے 21 جون تک غیر آباد احاطے مسمار کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے ریمارکس دیئے کہ مزید تاخیر برادشت نہیں ،قبرستان کی اراضی پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے۔ عدالت نے ڈی سی لاہور کو احاطے مسمار کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔