مویشی پال حضرات مون سون میں خصوصی حفاظتی تدابیر اپنائیں ،ماہرین

جمعرات 21 جون 2018 20:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) ڈائریکٹر لائیوسٹاک راولپنڈی ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے مویشی پال حضرات کو مون سون میں خصوصی حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کی حفاظت کے لیے چند احتیاطی تدابیراپنا کر کسی بھی بڑے نقصان سے بچ سکتے ہیں ۔اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے کہاکہ ان چند احتیاطی تدابیر میں جانوروں کی رہائش کی جگہ پر موجود فارم یا شیڈ کی چھتوں کا خصوصی طور پر معائنہ کر کے کمزور چھتوں کی مرمت کرائیں ، جانوروں کی خوراک کو محفوظ بنانے کے لیے نمی سے پاک جگہ پر رکھیں ، برسات کے موسم میں اپنے جانوروں کو بجلی کے کھمبوں کے ساتھ ہرگز نہ باندھیں اور فارم اور شیڈ میں موجود بجلی کی ننگی تاروں کوڈھانپ کر رکھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ یونین کونسل اڈیالہ ، چکری ، سہال اور دریا سواں کے کنارے پر آباد مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کو موسم برسا ت کے دوران آنے والے سیلابی ریلے سے بچانے کے لیے اونچائی والی جگہوں کا انتخاب کر کے پہلے ہی سے اپنے جانوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات موسمی بیماریوں سے بچائو کے لیے اپنے جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور حفاظتی ٹیکے نہ لگنے کی صورت میں قریبی ویٹنری ہسپتال میں رابطہ کریں یا فری ہیلپ لائن نمبر 08000-9211پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :