مہوش حیات فلم میں بینظیر بھٹو کے کردار میں نظر آئیں گے

جمعہ جون 15:39

مہوش حیات فلم میں بینظیر بھٹو کے کردار میں نظر آئیں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2018ء) پاکستانی ڈراموں اور فلموں سے شہرت حاصل کرنے والی خوبرو اداکارہ مہوش حیات سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار نبھائیں گی۔اداکارہ نے بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ جلد ہی بینظیر بھٹو کے کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔

تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مہوش حیات، بینظیر بھٹو کی سوانح حیات پڑھ رہی ہیں۔اداکارہ نے تصویر کے ساتھ لکھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو وہ خاتون ہیں جنہوں نے پاکستان کی خواتین کو بااختیار بنایا، انہیں ان کے حقوق دلوائے اور معاشرے میں مساوات کو فروغ دیا۔مہوش نے مزید لکھا کہ ایک وقت تھا جب بینظیر بھٹو نے خواتین کے اندر یہ احساس جگایا کہ وہ کچھ بھی کرسکتی ہیں، انہوں نے امید دلائی کہ خواتین بھی ستاروں تک پہنچ سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

مہوش حیات نے لکھا کہ وہ بہت شکرگزار ہیں کہ انہیں یہ موقع ملا کہ وہ بینظیر بھٹو کی زندگی کے ہر پہلو سے واقف ہوسکیں اور تصور کرسکیں کہ ان کی زندگی میں کس طرح کے اتار چڑھا آئے۔اداکارہ نے مزید لکھا کہ وہ ایک بہترین رہنما اور ایک مضبوط اور نفیس خاتون تھیں، جنہوں نے ایک مثال قائم کی اور وہ ان کی کہانی میں جلد جان ڈالیں گی۔ واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں اداکارہ نے فلموں اور فیشن کے حوالے سے مشہور ایک ویب سائٹ کے انسٹاگرام پیج پر پوسٹ کی گئی تصویر اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر شیئر کی تھی، جس میں انہیں اور سابق وزیراعظم کو ایک ساتھ دکھاتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا گیا تھا کہ مہوش حیات، بینظیر بھٹو کی سوانح حیات پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں۔

جس پر مہوش نے تصویر کے کیپشن میں لکھا تھا، بینظیر بھٹو کا کردار ادا کرنا میرے لیے اعزاز ہوگا، ان کی شخصیت پوری دنیا کے لیے متاثر کن ہے، وہ میری ہیرو ہیں۔