طالبان اور افغان حکومت جنگ بندی کو دیر پا بنائیں، رابطہ عالم اسلامی

باہمی اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کریں،جنگ بندی افغان قوم کے مفاد میں ہے

جمعہ 22 جون 2018 21:42

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) رابطہ عالم اسلامی نے کہا ہے کہ طالبان اور افغان حکومت جنگ بندی کو دیر پا بنائیں، باہمی اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کریں،جنگ بندی افغان قوم کے مفاد میں ہے۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جنگ بندی کے خیر مقدم کے بعد رابطہ عالم اسلامی نے بھی فریقین میں جنگ بندی کو دانش مندانہ اقدام قراردیا ہے۔

رابطہ عالم اسلامی کے صدر دفتر سے جاری ایک بیان میں طالبان اور افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کو مستحکم اور دیر پا بنائیں اور باہمی اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کریں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان جنگ بندی افغان قوم کے مفاد میں ہے اور اس طرح کی کوششوں سے طویل عرصے سے جاری لڑائی کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

رابطہ عالم اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ اسلامی شریعت اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کی دعوت دیتی اور فرقہ واریت سے خبردار کرتی ہے۔ انہوں نے فریقین کے درمیان جاری اختلافات کے حل کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر زور دیا۔قبل ازیں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے بھی تحریک طالبان افغانستان اور حکومت کے درمیان عید الفطر پر جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے فریقین کو جنگ بندی کی مبارک باد پیش کی تھی۔