ایکسائز ڈیپارٹمنٹ راوالپنڈی کا پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کوانتباہ

جون کے بعد نادہندگان کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا

ہفتہ 23 جون 2018 17:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء)ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی نے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کوآخری مہلت سے استفادہ کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کی مہلت 30جون کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد نادہندگان کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے پراپرٹی ٹیکس نادھندگان کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکسز بروقت ادا کریں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے ڈائریکٹر مسعود بشیر وڑائچ نے بتایاکہ 30جون سے قبل مقررہ ہدف کے حصول کے لیے پراپرٹی اور لگژری ھائوس ٹیکس نادھندگان کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا گیا ہے جس کے دوران نادہندگان کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیکس نادہندگان کو خبردار کیا کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں بصورت دیگر نادہندگان کی جائیداد قرقی و نیلامی ،مالکان کے وارنٹ گرفتاری ،سر چارج میں اضافہ ،بھاری جرمانوں اور جائیداد کی تالا بندی جیسی سزائوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔دوسری جانب چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ریونیو سپرینٹنڈنٹ نور مصطفیٰ نے قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ چکلالہ کینٹ نے پراپرٹی ٹیکس کا 95فی صد ریکوری ہدف حاصل کر لیا ہے جبکہ مقررہ ہدف کے حصول کے لیے جائیدادیں سربمہر کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ 30جون سے قبل واجبات کی ادائیگی پر 10فی صد کی خصوصی رعائت دی گئی ہے ۔کینٹ کے رہائشیوں کو اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس کی بروقت ادائیگی کرنی چاہیے ۔راولپنڈی کینٹ بورڈ کے ترجمان قیصر محمود نے اے پی پی کو بتایاکہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 90فی صد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ 30جون سے قبل واجبات کی ادائیگی پر 10فی صد کی خصوصی رعائت بھی دی گئی ہے۔