ڈیرہ مراد جمالی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ سے ڈی ایس پی اور3 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد شہری زخمی ہو گئے

ایک پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک، واقعہ کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کردی

ہفتہ 23 جون 2018 19:25

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں پولیس موبائل کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ، ڈی ایس پی اور3 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد شہری زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے منجھوشوری میں پولیس کی گاڑی کے قریب موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم زور دار دھماکہ سے پھٹ گیاجس کے نتیجے میں ڈی ایس پی عنایت بگٹی کے علاوہ 3 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد شہری زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

دھماکے سے آس پاس کے دکانوں کو نقصان پہنچا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کردی اور واقعہ سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔