شام، درعا پر میزائلوں کی بارش، 13سرکاری فوج کے اہلکا جاں بحق ، 15جنگجو ہلاک

پیر 25 جون 2018 15:09

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) شام کی سرکاری فوج نے شہر درعا پر میزائلوں کی بارش کر دی، 60میزائل داغ دئیے، 13سرکاری فوج کے اہلکا جاں بحق اور 15جنگجو ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بشار الاسد کی فوج نے شام کے شہر درعا کے مختلف علاقوں کو زمین سے زمین تک مار کرنے والے تقریبا 60 میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد السوری کے مطابق بشار کی فوج نے چار دیہات پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

المرصد نے بشار کی فوج کے کم از کم 13 ارکان کے ہلاک اور شامی اپوزیشن کے 15 جنگجوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔علاوہ ازیں مشرقی دیہی علاقے میں الحراک، الصورہ اور علما کے قصبوں پر فضائی بم باری میں 5 شہری جاں بحق ہو گئے جب کہ ایک ہسپتال نا قابل استعمال ہو گیا۔ اس طرح منگل کو حملے کے آغاز کے بعد سے اب تک کم از کم 23 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔شام میں بشار کی فوج نے منگل کے روز درعا صوبے بالخصوص مشرقی دیہی علاقہ جات میں اپنی بم باری کو شدید کرنا شروع کیا تھا۔اس وقت بشار کی فوج اور اپوزیشن گروپوں کے بیچ معرکہ جاری ہے۔ بشار کی فوج اللجاہ کے علاقے کو محاصرے میں لینے کے واسطے پیش قدمی کی کوشش کر رہی ہے۔