پی ٹی آئی نے5 سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی

تحریک انصاف نے ق لیگ، متحدہ وحدت المسلمین، ضیاء لیگ، عوامی لیگ اورگرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے اتحاد کرلیا، تحریک انصاف کو اتحادی جماعتوں کے 15سے زائد امیدواروں کی جیت کا یقین ہے۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 جون 2018 17:25

پی ٹی آئی نے5 سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 جون 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات 2018ء کیلئے 5سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی،پی ٹی آئی نے ق لیگ،متحدہ وحدت المسلمین، ضیاء لیگ، عوامی لیگ اورگرینڈڈیموکریٹک الائنس سے اتحادکرلیا،تحریک انصاف کو اتحادی جماعتوں کے 15سے زائد امیدواروں کی جیت کا یقین ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی ٹکٹس کی تقسیم کے بعد پنجاب اور سندھ میں کمزور انتخابی حلقوں میں اتحادی جماعتوں کے مضبوط امیدواروں کے ساتھ اتحاد کرلیا ہے۔

تحریک انصاف نے ق لیگ،متحدہ وحدت المسلمین، ضیاء لیگ، عوامی لیگ اورگرینڈڈیموکریٹک الائنس سے اتحادکرلیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کواس بات کا یقین ہے کہ ان کی اتحادی جماعتوں کے 15سے زائد امیدواراپنے اپنے حلقوں میں آسانی کے ساتھ الیکشن جیت جائیں گے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے ان حلقوں میں اپنے کارکنان کواتحادی جماعتوں کے امیدواروں کی سپورٹ کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

تحریک انصاف نے مسلم لیگ ق ، متحدہ مجلس المسلمین( ایم ڈبلیو ایم )، گرینڈڈیموکریٹک الائنس،عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ ضیا ء کے ساتھ اتحاد کرکے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے۔تحریک انصاف نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کیساتھ این اے60اور 62میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے۔جبکہ سندھ میں پیرپگاڑا کے گرینڈڈیموکریٹک الائنس سے 10سے زائد نشستوں پر اتحاد کرلیا ہے۔

اسی طرح مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجازالحق کے ساتھ بھی پی ٹی آئی نے ایک سیٹ پرایڈجسٹمنٹ کرلی ہے۔واضح رہے تحریک انصاف کی دھرنوں اور حکومت کے خلاف اتحادی جماعت پاکستان عوامی تحریک نے پی ٹی آئی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے انکار کردیا ہے۔ عوامی تحریک سے پی ٹی آئی نے وعدہ کیا تھا کہ حکومت کے دھرنوں ، احتجاج کی سیاست سے لیکر آئندہ عام انتخابات بھی ملکر لڑیں گے۔

لیکن الیکشن قریب آتے ہی تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے عوامی تحریک سے منہ پھیرلیا۔جبکہ عوامی تحریک کونظرانداز کرتے ہوئے اپنی پارٹی میں دوسری جماعتوں سے الیکٹیبلز کی بھرتی کرلی۔دوسری جماعتوں سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کوٹکٹس دینے پرپی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنان نے بھی شدید احتجاج کیا ہے۔عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے پی ٹی آئی سے انتخابی اتحاد کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ اگر الیکشن جیتنے کیلئے الیکٹیبلز کی ہی ضرورت تھی توپھر دھرنے اور احتجاج کیوں کیے تھے؟ انہوں نے کہاکہ ایک بار پھر کرپٹ اور چور لوگ پارلیمنٹ کا حصہ بن جائیں گے۔