بھارت؛وزیراعظم نریندر مودی کی جان کو خطرات لاحق

عام انتخابات 2019 کیلئے وہ اہم ہدف ہیں،غیر ضروری نقل و حمل اور ہجوم سے دور رہیں،غیر متعلقہ وزراء اور پولیس افسران کو بھی مودی کے قریب نہ آنے دیا جائے،وزارت داخلہ کا انتباہ

منگل 26 جون 2018 15:33

بھارت؛وزیراعظم نریندر مودی کی جان کو خطرات لاحق
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2018ء) بھارتی وزارت داخلہ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جان کو خطرہ ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں کے پولیس سربراہوں کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو نا معلوم خطرہ لاحق ہو گیاہے۔دوسری جانب قومی سلامتی کونسل نے وزیر اعظم کی حفاظت سے متعلق مختلف اداروں کو بتایا کہ بھارت کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کی قیادت چونکہ مودی کے ہاتھوں میں ہے اسی لئے 2019 کے عام انتخابات کیلئے وہ سب سے اہم ہدف ہیں،لہذا انہیں غیر ضروری نقل و حمل اور ہجوم سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ نے مودی کی سیکیورٹی کے حوالے سے نئے ضابطہ اخلاق جاری کئے ہیں جن کے تحت کسی کو بھی مودی کے قریب آنے کی اجازت نہیں ہوگی یہاں تک کہ غیر متعلقہ وزیر اور پولیس افسران بھی مودی کے انتہائی قریب نہیں آئیں گے۔

(جاری ہے)

مودی کی قریبی حفاظتی ٹیم کو بھی ان کے آس پاس غیر ضروری انسان کی موجودگی کا خیال رکھنے کیلئے خاص ہدایت جاری کر دی گئیں ہیں۔

گزشتہ ماہ سخت سیکیورٹی کے باوجود ایک شخص مودی کے پیروں کو چھونے میں کامیاب ہو گیا تھا،وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ مودی سے عوامی رابطے کو بھی مزید کم کرنے کی ضرورت ہے۔بھارتی ذرائع کے مطابق مودی کیساتھ چلنے والی کمانڈوز کی حفاظتی ٹیم کے ارکان کی تعداد میں اضافہ کیا جائیگا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعظم کو ہدایت تو نہیں کر سکتے مگر ان سے عوامی مصروفیات کے بارے میں تھوڑا محتاط ہونے کی درخواست ضرور کی ہے۔