بھٹونگر میں56کروڑ سے تیسرے اوورہیڈ برج کی منظوری ہوگئی ‘ ملک ندیم کامران

منگل 26 جون 2018 22:46

ساہیوال۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) سابق صوبائی وزیر مسلم لیگ ن حلقہ پی پی 197 ملک ندیم کامران نے کہاہے کہ بھٹونگر میں56کروڑ روپے کی لاگت سے تیسرے اوورہیڈ برج کی منظوری ہوگئی ہے ‘بھٹونگر میں پینے کے صاف پانی کے بوسیدہ پائپ ختم کرکے نئی پائپ لائن ڈال دی گئی ہے ،اس کے علاوہ بھٹونگر کی آبادی کیلئے 2کروڑ روپے کے فنڈز بھی جاری کئے گئے ہیں ، وہ یہاں بھٹونگر میں کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر ملک ارشاد عرف چھادا‘ کونسلر ریاض احمد بلا و دیگر بھی موجو دتھے،انہوںنے کہاکہ بھٹونگر کے مکینوں نے مجھے کبھی مایوس نہیں کیا، انشاء الله الیکشن جیت کر بھٹونگر کے دیگر مسائل بھی حل کروں گا،ساہیوال اب وہ پرانا ساہیوال نہیں رہا ،کول پاور پلانٹ بننے سے ساہیوال کا نام انٹر نیشنل لیول پر جانا جاتاہے، میں نے ساہیوال کی ترقی کیلئے دن رات محنت کی ہے جبکہ ساہیوال میں میڈیکل کالج ‘قطب شہانہ پل ‘یونیورسٹی کے قیام کے علاوہ دیگر میگا پراجیکٹ جاری ہے ، آخر میں ملک ارشادودیگر اہل علاقہ نے اپنی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔