پنجاب حکومت لائیوسٹاک کے شعبہ کی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے جس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے‘نعمان کبیر

لائیو سٹاک کے شعبے کو ترقی دے کر نا صرف غذائی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں بلکہ کثیر زر مبادلہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے‘نگران صوبائی وزیر

منگل 26 جون 2018 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت لائیوسٹاک کے شعبہ کی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے جس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے،لائیو سٹاک کے شعبے کو ترقی دے کر نا صرف غذائی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں بلکہ کثیر زر مبادلہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز لاہور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وائس چانسلر لاہور ویٹرنری یونیورسٹی طلعت نصیر پاشا اور سینئر فکیلٹی ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وائس چانسلر لاہور ویٹرنری یونیورسٹی نے صوبائی وزیر میاں نعمان کبیر کو یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز لاہور کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وی سی لاہور ویٹرنری یونیورسٹی نے بتایا کہ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز لاہور جانوروں کے علاج معالجہ کے لئے چوبیس گھنٹے ہر قسم کی طبی سہولیات مہیا کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مقامی بریڈ کی پیداوار میں اضافے کیلئے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے مقامی کسانوں کو ٹریننگ کے ساتھ ساتھ ان کی دہلیز پر طبی سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزیدبتایا کہ لائیو سٹاک کے اشتراک سے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز لاہور میں میٹ شاپ پر عوام کیلئے صحت مند جانوروں کا معیاری میٹ مناسب قیمت پرمہیا کیا جاتا ہے۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ شتر مرغ اور ڈک فارمنگ محکمہ لائیو سٹاک اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز لاہور کا احسن اقدام ہے۔انہوں نے عید کے موقع پر کھالوں کو محفوظ کرنے کے حوالے سے آگاہی مہم کی ضرورت پر زور دیا۔صوبائی وزیر نے وی سی لاہور یونیورسٹی آف ویٹرنری کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر وی سی لاہورویٹرنری یونیورسٹی نے صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ میاں نعمان کبیر کو سونیئر بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :