منشیات کے عادی افراد کی بحالی خدمت انسانیت کا بہترین ذریعہ ہے ،شاہدانصاری

منگل 26 جون 2018 23:22

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) ممبر ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی شاہد محمود انصاری نے کہا ہے کہ معاشرے کو منشیات کی وباء سے پاک کرنے کیلئے آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ اساتذہ ‘ والدین اور کمیونٹی ورکرز کا کردار خاص اہمیت کا حامل ہے ‘ منشیات کے عادی افراد کی بحالی خدمت انسانیت کا بہترین ذریعہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعور ترقیاتی تنظیم اور اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب و ملتان کی زیر نگرانی تدارک منشیات کے عالمی دن کی مناسبت سے سہ روزہ تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ انسداد منشیات آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے کیا جبکہ معروف قانون دان نگزیب خان بلوچ ‘ چیئرپرسن سول سوسائٹی فورم عابدہ حسین بخاری ‘ معروف معالج ڈاکٹر ہمایوں شہزاد محمد عمران اعظمی کررہے ہیں جبکہ مطلوب بخاری ‘ سماجی رہنما محمد علی رضوی ‘ خاتون سماجی رہنما رضوانہ شا ہین ‘ سماجی رہنما خالد چٹھہ ‘ ممبر بیت المال رمضان اعوان ‘ فرخ بھٹی ‘ نسیم اختر ‘ رانا عارف ‘ ریاض بلوچ ‘ محمد حفیظ و دیگر شریک تھے ۔

(جاری ہے)

شاہد محمود انصاری نے مزید کہا کہ کھیلوں کو فروغ دے کر اور عوامی آگاہی کے پروگرام منعقد کراکے عوام الناس کو منشیات جیسی موذی وباء سے بچایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے مختلف چوکوں پر منشیات کے عادی افراد کا بے یارومددگار پڑے رہنا سب کیلئے سوالیہ نشان ہے اس حوالے سے ان افراد کی بحالی کیلئے ضلع حکومت ملتان ریسکیو آپریشن کرے دوسری طرف منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں متعلقہ ادارے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرکے ملتان شہر کو ڈرگ فری سٹی بنادیں ۔ اورنگزیب خان بلوچ ‘ عابدہ حسین بخاری اور ڈاکٹر ہمایوں شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کو سخت سے سخت سزائیں دینے کے ساتھ ساتھ ان افراد کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے جو اس مکروہ دھندے میں ملوث ہیں۔