اسلام آباد میں چینی شہری کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان زخمی ہو گیا

حادثے میں ملوث چینی شہری کی مدد کے لیے کئی چینی باشندے تھانہ کوہسار پہنچ گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 27 جون 2018 11:23

اسلام آباد میں چینی شہری کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان زخمی ہو گیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جون 2018ء) اسلام آباد میں چینی شہری کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان زخمی ہو گیا۔ حادثے میں ملوث چینی شہری کی مدد کے لیے کئی چینی باشندے تھانہ کوہسار پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چینی شہری کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان زخمی ہو گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کوہسار روڈ پر سیکٹر ایف 7 میں چینی شہری کی گاڑی کی ٹکر سے 24 سالہ موٹر سائیکل سوار زوہیب زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تھانہ کوہسار پولیس نے چینی باشندے کو حراست میں لے لیا ہے جب کہ اس کی گاڑی بھی تحویل میں لے لی ہے۔مذکورہ چینی باشندے سے متعلق بتایا جا رہا ہے کہ اس کی عمر کم ہے جب کہ اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں ہے۔اس واقع کا علم ہونے کے بعد کئی چینی باشندے بھی چینی شہری کی مدد کے لیے تھانہ کوہسار پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے حادثے میں زخمی زوہیب کے بھائی پر معاملہ دبانے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور مشورہ دیا گیا ہے کہ علاج معالجے کے اخراجات لے کر چینی باشندے کے خلاف قانونی کارروائی سے گریز کیا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 7 اپریل کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔ جس گاڑی سے ٹکر ہوئی تھی وہ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل خود چلا رہے تھے اور جب موٹر سائیکل کو ٹکر لگی تو دو نوجوان عتیق اور راحیل موٹر سائیکل پر سوار تھے۔۔پولیس کا کہنا تھا کہ امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا جبکہ اس کے ساتھی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ نوجوان کے والدین نے کرنل جوزف کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔