ْلاہور ہائیکورٹ نے تحریک لبیک کے مولانا اشرف آ صف جلالی کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دیدیا

بدھ 27 جون 2018 18:55

لاہور۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹر بیونل نے حلقہ این اے 81 گوجرانوالہ سے تحریک لبیک کے مولانا اشرف آصف جلالی کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل پر مولانا اشرف جلالی کو الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ عدالت نے ریٹرننگ افسر کا کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

جسٹس شہباز رضوی نے ن لیگ کے امیدوار عاطف فرید صابر کی جانب سے دائر اپیل پر فیصلہ جاری کیا۔

(جاری ہے)

اپیل کنندہ نے موقف اختیار کیا کہ اشرف آصف جلالی نے کاغذات نامزدگی میں ٹیکس ریٹرن کا ذکر نہیں کیا جبکہ کاغذات نامزدگی میں اپنے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے دستخط نہیں،اپیل کنندہ نے عدالت کوآگاہ کیاکہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود اشرف آصف جلالی نے ریٹرننگ افسر کو اپنا پاسپورٹ جمع نہیں کروایا کہ وہ کتنی بار بیرون ممالک گئے جس کی روسے وہ آرٹیکل 62، 63 کے اہل نہیں رہے، لہذاعدالت ریٹرننگ افسر کا کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا حکم کالعدم قرار دے اوراشرف آصف جلالی کو الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔