کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر محمد مجتبیٰ پراچہ کاپروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم ای) کے ہیڈ آفس کا دورہ

بدھ 27 جون 2018 23:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر محمد مجتبیٰ پراچہ نے پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم ای) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ ان کو ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب مدثر وحید ملک نے پنجاب فلڈ ریلیف ڈیشن بورڈ، مانیٹرنگ، ایمرجنسی صورت حال میں ردعمل، باقاعدگی سے پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی آمد، سیلابی نالوں کے قریب موجود موضع جات، انفراسٹرکچر کی رپورٹنگ، محکمہ موسمیات کی طرف سے آنے والی معلومات کے سسٹم اور دیگر شعبوں کے حوالے سے بریف کیا۔

کمشنر کو بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کے فورم پر تمام ڈیپارٹمنٹس کے افسران یہاں سے لی جانے والی ہدایات کو اپنے محکموں تک پہنچاتے ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے پنجاب خود بھی رابطے کے تمام ذرائع کے ساتھ تمام اضلاع کے ڈی سی ز اور ریسکیو کے مکمل رابطے میں چوبیس گھنٹے رہتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کو بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب ناصرف انٹرنیشنل سوفٹ ویئر و جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رابطہ کار کے ساتھ ساتھ تمام اضلاع کو ریسکیو سامان و دیگر امور میں بھی مدد فراہم کر رہا ہے۔

کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر محمد مجتبیٰ پراچہ نے کہا کہ مون سون میں تمام محکموں میں تیز ترین رابطہ کار ہی بروقت امداد اور مدد کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، قصوراور شیخوپورہ میں پی ڈی ایم اے باقی صوبوں کی مانند متحرک ہے۔کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کا کوآرڈینیشن سسٹم جدید ترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ رئیل ٹائم ڈیٹا بھی آن لائن ہونے سے الارمنگ سسٹم اور امدادی کارروائیوں میں مدد ملتی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب مدثر وحید ملک نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔ مون سون کے لیے تمام سسٹمز نے 15 جون سے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔