حکومت کی جعلی زرعی ادویات و غیر معیاری کھادوں کی تیاری کیخلاف کریک ڈائون کی ہدایت

جمعرات 5 جولائی 2018 14:52

فیصل آباد۔5 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2018ء) حکومت نے جعلی زرعی ادویات اور ناقص و غیر معیاری کھادوں کی تیاری و فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے سمیت فوری آپریشن کریک ڈائون کی ہدایت کی ہے اور تمام انتظامی حکام اور محکمہ زراعت کے افسران سے کہاہے کہ وہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت ، کوتاہی یالاپرواہی کا مظاہرہ نہ کریں اور پولیس حکام کے ہمراہ جوائنٹ ریڈ کرکے جعلی ادویات کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے میں اپنا مؤثر کردار یقینی بنائیں۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ ان ہدایات کی روشنی میں محکمہ زراعت کی جعلی زرعی ادویات و کھادوں کے خلاف مہم بھرپور انداز سے جاری ہے اور محکمہ زراعت کے افسران کی ٹیموں نے مختلف شہروں میں چھاپے مارکرنہ صرف بھاری مقدار میں جعلی زرعی ادویات اور کھادیں برآمد کی ہیں بلکہ کئی افراد کو گرفتار بھی کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ محکمہ زراعت کی جعلی ادویات کے خلاف مہم کے نتیجہ میں صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے اور کاشتکاروں کی شکایات کا ازالہ ہوا ہے ۔

انہوںنے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ جعلی ادویات اور کھادوں کے خلاف شروع کی گئی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور کسی شکایت کی صورت میں محکمہ زراعت کے مقامی افسران یا زرعی ہیلپ لائن نمبر 0800-15000 یا 0800-29000پر رابطہ کیاجائے۔انہوںنے کہاکہ جعلی ادویات اور جعلی کھادوں کا فوری سد ِباب وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ جعلی زرعی لوازمات کے استعمال سے کاشتکاروں کا نقصان ہوتا ہے اور پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ ان مسائل کے سدِ باب کے لئے حکومتی ہدایت پر محکمہ زراعت پنجاب نے خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے جس کے نتیجہ میں جعلی زرعی ادویات اور جعلی کھادوں کی روک تھام میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :