کارکردگی سے متعلق سوال کرنے پر شازیہ مری سیخ پا ہو گئیں

ووٹر کو ان پڑھ اور جاہل قرار دیتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکی دے ڈالی،ویڈیووائرل

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 6 جولائی 2018 12:35

کارکردگی سے متعلق سوال کرنے پر شازیہ مری سیخ پا ہو گئیں
میر پور خاص (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جولائی2018ء) کارکردگی سے متعلق سوال کرنے پر پی پی رہنما شازیہ مری سیخ پا ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جسیے جیسے الیکشن کا وقت قریب آ رہا ہے تو سیاسی رہنماؤں نے بھی انتخابات میں جیت کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دیں ہیں۔ پانچ سال حلقے کا منہ نہ دیکھنے والے سیاسی رہنماؤں نے بھی اب اپنے حلقوں میں جانا شروع کر دیا ہے اور عوام سے رابطہ شروع کر دیا ہے تاہم لوگوں میں بھی اب سیاسی شعور پیداہو گیا ہے۔

اور وہ اپنے سیاسی رہنماؤں سے یہ سوال کرنے لگ گئے ہیں کہ پانچ سال ہمارا خیال نہیں آیا اب ووٹ مانگنے کیوں آئے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ میر پور خاص میں پیش آیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی کی امیدوار شازیہ مری کو اپنے ہی حلقے میں ووٹ مانگنا مہنگا پڑ گیا۔

(جاری ہے)

شازیہ مری این اے 216 کی امیدوار ہیں۔اپنی انتخابی مہم کے دوران جب پیپلز پارٹی کی امیدوار اپنے حلقے میں پہنچی تو ووٹرز نے انہیں گھیر لیا اور شدید احتجاج کرتے ہوئے شازیہ مری کو کھر ی کھری سنا دیں۔

ایک ووٹر کا کہنا تھا کہ اب کی بار ہم پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں دیں گے جس پر شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں دو گے تو نقصان اٹھا نا پڑے گا۔ووٹرز کا کہنا تھا کہ شازیہ مری صاحبہ آپ ہمیں دھمکی دے رہی ہیں،جس پر انہوں نے موقف اپنایا کہ دھمکی نہیں دے رہی ووٹ نہیں دو گے تو نہ سڑکیں بنیں گی نہ ا سکول۔شازیہ مری کی جانب سے ووٹرز کو دھمکیاں دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی ہے۔یاد رہے اس سے پہلے سابق وزیر اعظم شاید خاقان عباسی کو بھی کہوٹہ میں لوگوں نے گھیر لیا تھا اور پانچ سال کی کارکردگی کا حساب مانگا تھا۔ جب کہ سکندر بوسن کو بھی ملتان میں ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ویڈیو ملاحظہ کیجئے: