روہت شرما کی ریکارڈ ساز سنچری، بھارت نے انگلینڈ کو فیصلہ کن ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 2-1 سے جیت لی، بھارتی ٹیم نے 199 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 3 وکٹوں پر پورا کیا، روہت شرما نے 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، روہت شرما میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

اتوار 8 جولائی 2018 22:10

برسٹول۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2018ء) روہت شرما کی ریکارڈ ساز سنچری کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کو آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی، فاتح ٹیم نے 199 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، روہت شرما نے ڈٹ کر انگلش بائولرز کا مقابلہ کیا اور 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، جیسن روئے کی 67 رنز کی جارحانہ اننگز رائیگاں گئی، روہت شرما میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اتوار کو برسٹول میں کھیلے گئے آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ میں بھارتی قائد ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جیسن روئے اور جوز بٹلر نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 7.5 اوورز میں 94 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا تاہم دونوں اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد انگلش کھلاڑی مومینٹم برقرار نہ رکھ سکے جس کی وجہ سے وہ بڑا مجموعہ ترتیب نہ دے سکی، جیسن روئے نے 31 گیندوں پر 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جوز بٹلر 34 ایلکس ہیلز 30، کپتان ایوان مورگن 6، بین سٹوکس 14، جونی بیئرسٹو 25، ڈیوڈ ویلے 1، کرس جورڈن 3 اور لیام پلنکٹ 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ہرڈک پانڈیا نے کیریئر بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں لیں، سیدارتھ کول نے 2، اومیش یاداو اور دیپک نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، 21 کے سکور پر بھارت کو شیکھر دھون کا نقصان اٹھانا پڑا جو 5 رنز بنا کر چلتے بنے، لوکیش راہول 19 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، 62 کے سکور پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 89 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 151 تک پہنچا دیا، یہاں پر کوہلی 43 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہو گئے، اس موقع پر ہرڈک پانڈیا نے روہت شرما کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ میں 50 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، شرما نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، پانڈیا 33 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ڈیوڈ ویلے، جیک بال اور کرس جورڈن نے ایک، ایک وکٹ لی۔