شاہد آفرید ی بھی قومی ٹیم کی کاکردگی سے خوش

کھلاڑی باصلاحیت ہیں ،ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کامیاب ہوں گے :سابق آل راﺅنڈر

منگل 10 جولائی 2018 14:50

شاہد آفرید ی بھی قومی ٹیم کی کاکردگی سے خوش
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10جولائی 2018 ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ گرین شرٹس ایک مرتبہ پھر ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹائٹل اپنے نام کر سکتے ہیں۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی کاکہناتھا کہ قومی ٹیم کی تیاریاں درست سمت میں جا ری ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی 2020 ءمیں پاکستان کامیاب ہو گا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اس وقت گرین شرٹس حقیقی معنوں میں بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ابھی میگا ایونٹ میں کافی وقت ہے لیکن نوجوان کھلاڑی اگر اسی انداز میں کھیلتے رہے تو پھر انہیں ورلڈ چیمپئنز بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ شاہد آفریدی کے مطابق نئے اور ناتجربہ کار کھلاڑی جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اس کے بعد امید پیدا ہو گئی ہے کہ وہ ملک کیلئے مستقبل میں مزید بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ورلڈ ٹی ٹونٹی میں نمائندگی سے متعلق ایک سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ان کی ایسی خواہش نہیں ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا پروفیشنل کیریئر ختم ہو چکا ہے۔انہوں ملک کیلئے کھیل کر بہت انجوائے کیا اور وہ اب لیگ کرکٹ کھیلنے میں ہی خوش ہیں۔ واضح رہے کہ سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد پاکستان کی پرفارمنس کو سراہاجا رہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا کو6وکٹوں سے شکست دی تھی ، گرین شرٹس نے اس کامیابی کے بعد132پوائنٹس کے ہمراہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ۔ اب قومی ٹیم زمبابوے کے خلاف 5ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی گی ،بلاوایو میں شیڈول سیریز کا پہلا ون ڈے جمعے کو شیڈول ہے جب کہ دیگر میچز 16،18،20 اور22 جولائی کو ہوں گے ۔