انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر دو امیدواروں کو 75ہزارروپے جرمانہ

منگل 10 جولائی 2018 23:50

فیصل آباد ۔10 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر /ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے جنرل الیکشن 2018 سید احمد فواد نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر دو امیدواروں کو مجموعی طور پر 75ہزارروپے کے جرمانے کئے جن میں حلقہ این اے 105 سے امیدوار میاں محمد فاروق کو25 ہزار روپے اورحلقہ این اے 105 سے آزاد امیدوار چوہدری مسعود نذیر کواڑھائی سو سے زائد بڑے سائز کی فلیکسز لگوانے پر50 ہزارروپے کے جرمانے عائد کئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے متعدد امیدواروں کیخلاف شکایات کاجائزہ لیتے ہوئے انہیں وارننگ دی اور کہا کہ وہ آئندہ محتاط رہیں جن امیدواروں کو وارننگ جاری کی گئی ان میں حلقہ پی پی 110 سے امیدوار محمد نواز ملک،حلقہ پی پی 103 سے امیدار جعفر علی ہوچہ ‘حلقہ پی پی 103 سے امیدوار شاہد بختاور‘ حلقہ پی پی 106 سے آزاد امیدوار سیف الله گل ‘ حلقہ این اے 105 سے آزاد امیدوار عمر فاروق اور حلقہ این اے 107 سے آزاد امیدوار ندیم حیات شامل ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے انتخابی امیدواروں سے کہا کہ وہ اپنی تشہیر کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے مقرر کردہ سائزہ کے ہی بینرز ‘ پوسٹرز آویزاں کریں اورہر قسم کے اسلحہ لے کر چلنے ‘ نمائش کرنے اور آتش بازی سے گریز کیا جائے۔