امریکا نے چینی مصنوعات پر اضافی محصولات سے متاثرہ نئی اشیاء کی فہرست جاری کر دی

بدھ 11 جولائی 2018 16:11

امریکا نے چینی مصنوعات پر اضافی محصولات سے متاثرہ نئی اشیاء کی فہرست ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جولائی2018ء) امریکا نے چینی درآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات سے متاثرہ نئی اشیاء کی فہرست جاری کر دی، ٹرمپ انتظامیہ کے عائد کردہ نئے درآمدی ٹیکسوں کی مجموعی مالیت دو سو ارب ڈالر ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا نے چینی درآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرنے کے فیصلے سے متاثرہ اشیا کی ایک نئی فہرست جاری کر دی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے عائد کردہ ان نئے درآمدی ٹیکسوں کی مجموعی مالیت قریب دو سو ارب ڈالر بنتی ہے۔

(جاری ہے)

واشنگٹن میں ایک اعلی حکومتی اہلکار نے بتایا کہ منتخب چینی مصنوعات پر ان نئے محصولات کا نفاذ ممکنہ طور پر ستمبر سے ہو جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ امریکا اور چین کی تجارتی جنگ میں واشنگٹن کی طرف سے چینی درآمدات پر سالانہ مزید قریب پانچ سو ارب ڈالر کی امپورٹ ڈیوٹی عائد کی جا سکتی ہے۔ گزشتہ جمعے کے روز بھی کئی چینی مصنوعات پر پچیس فیصد کی شرح سے ایسے ہی نئے امریکی ٹیکس عائد کر دیے گئے تھے، جن کی مالیت چونتیس ارب ڈالر بنتی تھی۔ بعد ازاں چین نے بھی جوابا ایسے ہی تجارتی اقدامات کا اعلان کر دیا تھا۔