Live Updates

مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی گرفتاری کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع

muhammad ali محمد علی جمعرات 12 جولائی 2018 00:39

مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی گرفتاری کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جولائی2018ء) مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی گرفتاری کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی جانب سے نااہل قرار دیے گئے اور سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی 13 جولائی کو وطن واپسی پر استقبال اور احتجاج کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

تاہم دوسری جانب نگران حکومت نے نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر کسی بھی قسم کے احتجاج یا ہنگامہ آرائی کی صورتحال سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی مقصد کیلئے لاہور میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا عمل شروع کرتے ہوئے تمام پولیس اہلکاروں کی تعطیلات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ جبکہ 13 جولائی کو راستوں کی بندش کیلئے کنٹینرز بھی اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نگران حکومت کے حکم پر اب پنجاب پولیس نے لاہور میں ن لیگ کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں بدھ کی شب کو لاہور کی مختلف یونین کونسلز کے چئیرمینز جن کا تعلق ن لیگ سے ہے، انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ ن لیگ کے درجنوں کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کل کے روز میں ن لیگ کے کئی رہنماوں کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔ جبکہ دوسری جانب نواز شریف اور مریم نواز کو ائیرپورٹ اترتے ہی گرفتار کرنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات